وطن واپسی پر قومی فٹبال ٹیم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور

خیر مقدمی نعرے بھی لگائے گئے، بھارت کو ہرانے والے اسکواڈ کو جلوس کی شکل میں فیڈریشن کے سیکریٹریٹ لاتے ہوئے ڈھول کی۔۔۔

لاہور: بھارت اور بحرین میں عمدہ کھیل پیش کرنے والی قومی فٹبال ٹیم کا ایئرپورٹ پر پی ایف ایف آفیشلز و دیگر کے ہمراہ گروپ فوٹو، کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کرتے ہوئے انھیں پھولوں سے لاد دیا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس

بھارت سے سیریز جیتنے کے بعد قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی،لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پی ایف ایف کے عہدیداروں اور پرستاروں نے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے کے ساتھ خیرمقدمی نعرے بھی لگائے گئے، اسکواڈ کو جلوس کی شکل میں فیڈریشن کے سیکریٹریٹ لاتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص جاری رہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کوچ شاملان مبارک نے کہا کہ پلیئرز کی عمدہ کارکردگی نے سر فخر سے بلند کردیا، مین آف دی سیریز صدام حسین نے کہا کہ روایتی حریف کیخلاف کامیابی سے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا جو مستقبل میں کام آئے گا۔کپتان کلیم اللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ کھلاڑیوں نے دبائو سے بھرپور مقابلے میں اپنے حواس پر قابو رکھتے ہوئے مضبوط اعصاب اور شاندار مہارت کی بدولت فتح حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق کامیاب دورئہ بھارت اور بحرین کے بعد قومی فٹبال ٹیم گذشتہ شب وطن واپس آگئی،گرین شرٹس کو روایتی حریف کیخلاف بنگلور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں 0-1 سے شکست ہوئی، دوسرے میں 2-0 کی کامیابی کے ساتھ ٹیم نے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر سیریز بھی اپنے نام کرلی تھی، بعد ازاں دورئہ بحرین میں مقامی کلبز کیخلاف ایک مقابلہ 1-1 اور دوسرا 2-2 سے ڈرا ہوا۔کھلاڑی لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچے تو پی ایف ایف کے ڈائریکٹرزفراست علی شاہ، جہانگیر خان لودھی اور دیگر عہدیداروں نے پرستاروں کی بڑی تعداد سمیت والہانہ استقبال کیا، پلیئرز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

ٹیم کو ائیر پورٹ سے جلوس کی شکل میں فیڈریشن کے سیکرٹریٹ فیفا فٹبال ہائوس لایا گیا جہاں مختلف کلبز کے کھلاڑیوں اور مداحوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا اور گل پاشی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ شاملان مبارک نے پلیئرزکی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس نے بھارت کیخلاف فتح اور دونوں ٹورز میں مجموعی طور پر عمدہ کھیل سے میرا اور پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا، پوری ٹیم ایک یونٹ کے طور پر کھیلی، روایتی حریف کیخلاف فتح سے بلند حوصلہ کھلاڑی جنوبی کوریا میں رواں ماہ شیڈول ایشین گیمز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔


پاکستانی وفد کے سربراہ اور پی ایف ایف کے مارکیٹنگ کنسلٹنٹ سردار نوید حیدر نے شاملان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا،انھوں نے کہا کہ کوچ کی محنت رنگ لانے لگی ہے، دیگر معاون اسٹاف کی کوششیں بھی قابل ستائش ہیں۔ بھارت کیخلاف مقابلوں کے مین آف دی سیریز صدام حسین نے کہا کہ روایتی حریف کو ہرانے سے کھلاڑی نفسیاتی طور پر مضبوط ہوئے، اعتماد میں اضافہ مستقبل کے ایونٹس میں کام آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی عوام کا رویہ دوستانہ تھا، جنھوں نے اچھے کھیل پر دل کھول کر داد دی، میڈیا میں بھی گرین شرٹس کو بھرپور توجہ اور پذیرائی حاصل ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ بحرین میں بڑی تعداد میں پاکستانی ہمارے میچز دیکھنے کیلیے آئے، پروفیشنل ٹیم کیخلاف عمدہ کھیل پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا جاتا رہا۔ ٹیم کے دیگرکھلاڑیوں نے کہا کہ بھارت کو اس کی سر زمین پر شکست دینے سے حوصلے بہت بلند ہوگئے ہیں، بلند عزائم لے کر ایشین گیمز میں شرکت کیلیے جائیں گے۔

دریں اثنا کپتان کلیم اللہ کی طرف سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے، وہ معاہدے کے تحت ڈورڈوئی کلب کی نمائندگی کیلیے کرغزستان روانہ ہوگئے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ ہمیشہ دبائو سے بھرپور ہوتے ہیں، اس کے باوجود کھلاڑیوں نے اپنے حواس قابو رکھتے ہوئے مضبوط اعصاب اور شاندار مہارت کی بدولت سیریز اپنے نام کی، ہم نے بحرین میں بھی بہترین کھیل سے شائقین کے دل جیتے، انھوں نے کہا کہ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل میچز میں شرکت کے مواقع اور عزت دی، مثبت پالیسیز کی وجہ سے ان کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا۔

یاد رہے کہ پی ایف ایف کے صدر مخدوم سید فیصل صالح حیات نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلیے مجموعی طور پر 65 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story