دوران حج فلو اور الرجی کا وائرس تیزی سے منتقل ہوتا ہے

پاکستانی عازمین حج کوفلواورگردن توڑبخارکی حفاظتی ویکسین لگواکرجانا چاہیے.

عازمین دوران مناسک ماسک کا استعمال کریں،ڈاکٹر طارق شیخ کی ایکسپریس سے گفتگو . فوٹو فائل

عازمین حج پر جانے سے قبل فلو،گردن توڑ بخارکی حفاظتی ویکسین ضرورلگوائیں،دوران حج منہ پر ماسک کابھی استعمال کیاجاسکتا ہے۔

دنیا بھر سے آنیوالے لاکھوں عازمین میں سے بعض کسی نہ کسی وائرس کاشکار ہوتے ہیں جو ایک دوسرے کوبھی متاثرکرتے ہیں جس کی وجہ سے فلو،الرجی،کھانسی زکام کامرض زیادہ جنم لیتا ہے۔

جبکہ گردن توڑبخاربھی تیزی سے پھیلتا ہے،گذشتہ سال حکومت کی جانب سے حج مشن پرجانے والے ڈاکٹر طارق شیخ نے ایکسپریس کوبتایاکہ طواف کے دوران30 لاکھ عازمین حج موجود ہوتے ہیں۔


ان میں سے بیشترکے کھانسے، چھینکنے سے فلو اور الرجی کا وائرس تیزی سے پھیلتا ہے،20 فیصد سے زائد ذیابیطیس کے مرض میں مبتلا اور 15فیصد کو بلند فشارخون کی شکایات ہوتی ہیں انھوں نے بتایا کہ شمالی علاقہ جات سے ضعیف العمر افراد حج پر آتے جن کومتعدد طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پاکستان سے جانے والے تمام عازمین حج کوفلو اور گردن توڑبخارکی حفاظتی ویکسین لگواکرجانا چاہیے اورحج ارکان کی ادائیگیوں کے وقت منہ پر ماسک کا استعمال کرلینا چاہیے۔

انھوں نے کہاکہ مکہ اور مدینہ میں پاکستانی حج میڈیکل مشن کے ڈاکٹروںکے کلینکس میں زیادہ تر فلو،زکام ،الرجی سے متاثرہ عازمین رپورٹ ہوتے ہیں،دریں اثنا وفاقی وزارت مذہبی اموراورڈائریکٹوریٹ حج نے حجاز مقدس جانیوالے تمام عازمین کوویکسینیشن سرٹیفکیٹس ساتھ لیکر جانے کی ہدایت کی ہے۔

ایسوسی ایشن آف ایشین حجاج کے کنونیرحافظ محمد شفیق کاشف نے بتایاکہ سرکاری و پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت جانیوالے عازمین کیلیے تربیتی پروگرامزکا سلسلہ جاری ہے انھوں نے بتایاکہ سعودی وزارت حج نے خواتین عازمین حج کیلیے عبایاکو لازمی قرار دیا ہے لہٰذا تمام حج آرگنائزرخواتین عازمین کومفت عبائے فراہم کریں گے۔
Load Next Story