پولیس نے 5 ٹارگٹ کلرز سمیت 8 ملزمان گرفتار کر لیے اسلحہ برآمد

ملزمان فرقہ وارانہ قتل کے علاوہ پولیس اہلکاروں کی بھی قتل میں ملوث ہیں، پولیس پارٹی کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادرتھیبو گرفتار ملزمان کی تفصیلات سے صحافیوں کو آگاہ کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD:
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شہر میں جاری فرقہ وارانہ اور دیگر ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جن کی گرفتاری سے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوگی ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ بھی موجود تھے، کراچی پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ پولیس نے 5 ٹارگٹ کلرز سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزمان نہ صرف فرقہ وارانہ بلکہ پولیس اہلکاروں کی بھی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں جبکہ دیگر ملزمان اسٹریٹ کرائمز اور ہاؤس رابری کی درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایک ملزم سید حسن عباس عرف طلحہ جو کہ شاہ فیصل کالونی نمبر 4 کا رہائشی ہے پولیس نے گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں شاہ رخ ، دتو ، ملک نوید الحسن اور ذیشان حیدر کے ہمراہ رواں سال 13 اپریل کو گلفام سوئٹ ڈرگ روڈ کینٹ بازار میں 3 افراد امجد علی ، محمد سلیم ، سید شاہد اقبال کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم گروہ کا سرغنہ تھا جس نے اپنے ماموں شہزاد کو گرفتار کرانے کے شبے میں تینوں افراد کو قتل کیا تھا،ملزمان میں شامل ملک نوید الحسن اور ذیشان حیدر پہلے ہی گرفتار ہیں۔


انھوں نے بتایا کہ رواں سال 9 اپریل کو گلستان جوہر میں دارلخیر مدرسے کے 3 طالب علموں ریاض ، حیات اﷲ اور علی محمد کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے میں ملزم سید حسن عباس عرف طلحہٰ کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے، ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم سید علی رضا زیدی کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم بریگیڈ کے علاقے جٹ لائن کا رہائشی ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں زوہیب پٹھان ، حیدر عرف کالا ، فراز عرف بلوچ اور قلب عباس عرف شوبی کے ساتھ مل کر فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا، ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل گزشتہ سال مزار قائد کے مین گیٹ کے قریب جامعہ بنوریہ کے 2 طلبعلموں طلحہ اور محمد عثمان کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا جبکہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نیو پریڈی اسٹریٹ ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب ٹائر پنکچر کی دکان پر فائرنگ کر کے محمد یاسر کو ہلاک کیا جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

گرفتار ملزم نے ایک سال قبل کالا پل پر ہارڈ ویئر کی دکان کے مالک کو بھی فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جس کا تعلق بھی ایک کالعدم تنظیم سے تھا، غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم غوث علی کو پولیس نے گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں روشن ، سہیل ، عبداﷲ اور یاسین عرف چوہا کے ساتھ ملکر مختلف کارروائیوں میں پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا، ملزم نے بھتہ خوری اور ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے، انھوں نے بتایا کہ ملزم نے رواں سال 3 فروری کو ابراہیم حیدری کے علاقے میں پولیس پر فائرنگ کر کے پولیس افسر سمیت 4 اہلکاروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا جس میں سب انسپکٹر فراز خان ، کانسٹیبلز محمد شفیع ، دیدار علی اور اختر علی شامل ہیں ، انھوں نے بتایا کہ پولیس نے ایک ملزم محمد سجاد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جو کہ سرجانی ٹاؤن صدیق گوٹھ کا رہائشی ہے۔

ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں آصف عرف موٹا ، حمزہ ، آٓصف عرف گرنیڈ ، ابوبکر ، عرفان اور نجف کے ساتھ مل کر 15 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کیا جبکہ ایک ملزم عامر عرف نوی کو بھی گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 39 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے، غلام قادر تھیبو نے مزید بتایا کہ پولیس نے اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان داؤد احمد ، محمد فیصل اور محمد سمیر کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، پریس بریفنگ کے دوران غلام قادر تھیبو نے ملزمان کی گرفتاری میں شامل پولیس پارٹی کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story