آسٹریلین ٹی ٹوئنٹی کپتان جارج بیلی نے قیادت کو خیرباد کہہ دیا

پاکستان کیخلاف بھی میچ نہیں کھیلیں گے، قیادت ایرون فنچ کو ملنے کا قوی امکان

پاکستان کیخلاف بھی میچ نہیں کھیلیں گے، قیادت ایرون فنچ کو ملنے کا قوی امکان۔ فوٹو: آئی سی سی/فائل

آسٹریلیا کے جارج بیلی نے ٹیسٹ کیریئر کیلیے ٹوئنٹی 20 کپتانی کی قربانی دے دی، اپنی پوری توجہ اب فرسٹ کلاس کرکٹ پر دیں گے، پاکستان کے خلاف یو اے ای میں مختصر ترین فارمیٹ کا میچ بھی نہیں کھیلیں گے، ایرون فنچ کو ٹی 20 ٹیم کی قیادت ملنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جارج بیلی نے ٹوئنٹی 20 کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا ہے وہ اپنی پوری توجہ فرسٹ کلاس کرکٹ پر مرکوز کرناچاہتے ہیں۔ بیلی فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی کارکردگی کو بہتر بناکر ٹیسٹ میں واپس آنا چاہتے ہیں، انھیں گذشتہ برس انگلینڈ کے خلاف ہوم ایشز سیریز میں ٹیسٹ میچز کے کھیلنے کا موقع فراہم کیا گیا تھا تاہم وہ اپنی جگہ پکی نہیں کرپائے تھے جس کے بعد انھیں دورہ جنوبی افریقہ کیلیے ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔


بیلی کی جگہ اب ایرون فنچ کو ٹوئنٹی 20 ٹیم کا کپتان بنایا جاسکتا ہے، وہ بگ بیش میں میلبورن رینی گیڈز کے ساتھ کپتانی کا تجربہ حاصل کرچکے ہیں۔ جارج بیلی اگرچہ ٹوئنٹی 20 میچز میں بطور عام کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے تاہم وہ پاکستان کے خلاف یو اے ای میں شیڈول واحد ٹوئنٹی 20 اور اس کے بعد جنوبی افریقہ سے اس طرز میں شیڈول سیریز نہیں کھیلیں گے البتہ ون ڈے اسکواڈ میں نہ صرف شامل ہوں گے بلکہ مائیکل کلارک کے انجرڈ ہونے کی صورت میں ٹیم کی قیادت بھی کریں گے۔

بلی کا کہنا ہے کہ میرا مقصد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہے اس لیے میں پوری توجہ فرسٹ کلاس کرکٹ پر دینا چاہتا ہوں، یہ ایک ایس فارمیٹ ہے جس کو میں اپنے لیے کافی چیلنجنگ سمجھتا اور اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں، میں زیادہ سے زیادہ فرسٹ کلاس میچز کھیلنا چاہتا ہوں۔ واضح رہے کہ جارج بیلی اگلے شیفلڈ شیلڈ سیزن میں تسمانیہ کی قیادت کریں گے۔
Load Next Story