کرائے کے قاتل سمیت ڈکیتی اور سنگین جرائم میں ملوث 13 ملزم گرفتار

اعجاز خان نے 15 ہزار روپے لیکر کورنگی تھانے کے اہلکار کو قتل کیا، ڈالمیا سے گینگ وار کے 6 کارندے گرفتار

سائنٹیفکٹ اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کی گاڑی سے 10 لاکھ لوٹنے کی کوشش کرنے والا ارشاد پکڑا گیا، منیر شیخ فوٹو: فائل

پولیس نے کرائے کے قاتل، پاکستان کونسل آف سائنٹیفکٹ اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کی گاڑی لوٹنے کی کوشش کرنے والے ملزم سمیت اور قتل اقدام قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور غیر ملکی رقم برآمد کرلی، کرائے کے قاتل نے 15 ہزار روپے لے کر کورنگی تھانے کے پولیس اہلکار کو قتل کیا۔

پی سی ایس آئی آر کی گاڑی لوٹنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو حیدر آباد سے گرفتار کیا گیا جس کا تعلق 15 مددگار پولیس چوکی پر کیے جانیوالے بم حملے میں ملوث ملزمان سے ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا ، یہ بات ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ نے ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ اور اے ایس پی ڈاکٹر فہد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، ڈی آئی جی ایسٹ نے مزید بتایا کہ اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران ملزم محمد اعجاز عرف خان ولد محمد اسلام کو گرفتارکرکے ایک پستول اور4 راؤنڈ برآمد کرلیے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کرائے کا قاتل ہے اور ملزم نے 15 ہزار روپے کی رقم لے کر کورنگی تھانے کے پولیس اہلکار فرقان کو قتل کیا ،مختلف گروہ ملزم کو رقم دے کر لوگوں کو قتل کر ایا کرتے تھے، گرفتار ملزم پولیس مقابلوں ، ٹھٹھہ جیل سے فرار ہونے میں پولیس کو مطلوب تھا، انھوں نے بتایا کہ 3 ستمبر کو مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں پاکستان کونسل آف سائنٹیفکٹ اینڈ انڈسٹرل ریسرچ کی گاڑی لوٖٹنے کی کوشش میں ملوث ایک ملزم ارشاد علی ولد بہادر علی کو حیدر آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھی عاشق چانڈیو، شاہد چانڈیو اور راجہ لاشاری کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


پولیس کی بروقت کارروائی سے پی سی ایس آئی آر کی 10 لاکھ روپے کی رقم لوٹنے سے بچالی گئی تھی جبکہ مقابلے میں ایک ملزم ہاشم عرف غلام صغیر رانو موقع پر ہلاک ہو گیا تھا،انھوں نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈالمیا میں سرچ آپریشن کے دوران 6 ملزمان عادل نور ولد نور محمد، شہزاد ولد امام بخش، عبدالحمید ولد عبدالعزیز، علی اکبر ولد اﷲ بچایا، ندیم ولد عبدالواحد اور امتیاز ولد ہادی حسین کو گرفتار کر کے 6 ٹی ٹی پستول، متعدد گولیاں برآمد کرلیں۔

گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وارسے ہے اور گرفتار ملزمان 2 درجن سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں،گلشن پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران 3 ملزمان عبدالرحیم خان عرف رحمان ولد انیس احمد خان ، محمد راحیل ولد محمد ابراہیم اور محمد شعیب ولد زاہد حسین کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کر کے 3 ٹی ٹی پستول ، گولیاں،7 ہزار سعودی ریال اور2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں گئیں انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان قتل اقدام قتل ، اقدام قتل،پولیس مقابلوں اور ڈکیتیوں اور موٹر سائیکل چھینے کی متعدد وارداتوں میں پولیس کومطلوب تھے۔

گرفتار ملزمان موٹر سائیکل چھین کرکھولنے کے بعد ان کے پارٹس مختلف علاقوں میں لگنے والے اتوار بازاروں میں فروخت کردیا کرتے تھے، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مختلف سیاسی و مذہبی اور کالعدم تنظیموں کے رہائی پروفائل ملزمان کو رہائش ، کھانا و مالی معاونت کرتے ہیں اور پناہ بھی دیتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ گلشن اقبال پولیس نے 2 مقابلوں میں ایک ملزم کو ہلاک کردیا اور 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار ان کے قبضے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ گزشتہ دنوں شاہراہ قائدین نرسری کے قریب واقع 15 مدد گار پولیس چوکی پر حملے میں ملوث گروہ کے تانے بانے مل گیے ہیں انھوں نے بتایا کہ واقعے میں وہ ہی گروہ ملوث ہے جس نے قائد آباد میں 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا تھا انھوں نے بتایا کہ مذکورہ گروہ 22 افراد پر مشتمل ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس ملزمان کے خلاف گھیرا تنک کر رہی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Load Next Story