پنجاب میں بارشیں قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ ملتان سے کراچی منتقل

نیشنل اسٹیڈیم میں 17 ستمبر سے شیڈول کرکٹ ایونٹ کے انعقاد کی تیاریاں شروع

شاہد آفریدی کراچی ڈولفنز کی قیادت کریں گے، خالد لطیف زیبراز کے کپتان مقرر۔ فوٹو: فائل

SUKKUR:
پی سی بی کے تحت قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کراچی منتقل کردیا گیا، یہ فیصلہ پنجاب میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کے سبب کیا گیا،اب ایونٹ 17 ستمبر سے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

قبل ازیں ٹورنامنٹ 15 ستمبر سے ملتان میں شیڈول تھا، بورڈ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سیلاب زدگان کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں کے سبب ایونٹ کے لیے بھر پور سیکیورٹی کی فراہمی سے معذوری ظاہر کی ہے، جس پر ٹورنامنٹ کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ریجنل ٹیموں کے درمیان 28 ستمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں لاہور ایگلز اعزاز کا دفاع کرے گی، دریں اثنا ٹورنامنٹ کیلیے کراچی کی دونوں ٹیموں کے 20،20 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا، شاہد آفریدی کراچی ڈولفنز کی قیادت کریں گے جبکہ خالد لطیف کراچی زیبراز کے کپتان ہوں گے۔


کراچی ڈولفنز کی ٹیم میں شاہ زیب حسن، رمیز راجہ، اسد شفیق، فواد عالم(نائب کپتان)، فیصل اقبال، محمد وقاص، سرفراز احمد، محمد سمیع، انور علی، میر حمزہ، عبدالامیر خان، فواد خان، عاطف مقبول، فراز احمد خان، علی مدثر، ارسلان بشیر اوراحسن جمیل شامل ہیں، سابق ٹیسٹ اسپنر توصیف احمد کوچ اور رازق حسین ربانی منیجر ہوں گے۔

کراچی زیبراز کی ٹیم کے کھلاڑی خرم منظور، ماجد خان، فراز علی، محمد وقاص، بابر آگا، عدنان بیگ، شہر یار غنی، رمیز عزیز، طارق ہارون، سہیل خان، رومن رئیس، شاہ زیب احمد خان، اعظم حسین، حارث ایاز، اشرف علی، تابش خان اور وقار انور ہیں، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعظم خان کوچ جبکہ سید منیر علی قادری منیجر ہیں، ٹیم منیجر نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ پریکٹس کیلیے رنگین کٹ میں جمعرات کی سہ پہرڈھائی بجے نیشنل اسٹیڈیم میں رپورٹ کریں۔

دوسری جانب ٹورنامنٹ کی کراچی منتقلی کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریوں کا آغاز ہوگیا، اس میں مختلف انکلوژرز میں نشستوں کی صفائی ستھرائی بھی شامل ہے جبکہ میچزکے لیے ٹکٹوں کا اجرا چند روز میں ہوگا، کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے اسٹیڈیم کی انتظامیہ کو سیکیورٹی کے حوالے سے بھر پور تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے، اس ضمن میں جلد اجلاس کا انعقاد ہوگا، واضح رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کراچی منتقل کیا گیا، قبل ازیں 2010 میں پنجاب میں ڈینگی وائرس کے باعث ایسا ہوا تھا۔
Load Next Story