چھوٹی ٹیمیں بڑی سائیڈز کا بال بھی بیکا نہیں کر پائیں

آئرلینڈ کو اپ سیٹ کرنے کا موقع نہیں ملا، بنگال ٹائیگرزکوعمدہ پرفارمنس کی حسرت رہ گئی، زمبابوے کا حال پہلے سے بھی بدتر

آئرلینڈ کو اپ سیٹ کرنے کا موقع نہیں ملا، بنگال ٹائیگرزکوعمدہ پرفارمنس کی حسرت رہ گئی، زمبابوے کا حال پہلے سے بھی بدتر فوٹو: فائل

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ چھوٹی ٹیمیں بڑی سائیڈز کا بال بھی بیکا نہیں کرپائیں۔

آئرلینڈ کو اس بار اپ سیٹ کا شوق پورا کرنے کا موقع ہی نہیں ملا، بنگال ٹائیگرز کو ایشیا کپ جیسی پرفارمنس دہرانے کی حسرت ہی رہ گئی، زمبابوے کی حالت پہلے سے بھی بدتر نکلی۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں چھوٹی ٹیمیں اپنا تاثر چھوڑنے کے خواب آنکھوں میں سجائے شریک ہوئیں، خاص طور پر آئرلینڈ کو اس بات کا یقین تھا کہ وہ اس بار بھی اپ سیٹ کرنے کا شوق پورا کرنے میں کامیاب رہے گا جبکہ ایونٹ سے قبل کے بیانات میں آئرش کھلاڑیوں نے کینگروز کو کچلنے کے دعوے تک کرلیے تھے۔

مگر آسٹریلیا نے ان کے چودہ طبق روشن کردیے جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث آئرش ٹیم کو اپنی امیدوں کو عملی جامہ پہنانے کا موقع ہی نہیں ملا۔


اسی طرح بنگلہ دیش کو بھی کو پاکستان اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے ساتھ گروپ میں ہونے کے باوجود سپر ایٹ میں رسائی کا پورا یقین تھا، اس کی وجہ رواں برس کے آغاز میں ایشیا کپ میں کارکردگی بنی، جس میں بنگال ٹائیگرز نے بھارت اور سری لنکا کو اپ سیٹ شکست دی جبکہ پاکستان کو بھی مشکلات کا شکار کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 59 رنز اور پاکستان کے ہاتھوں 8 وکٹ کی شکست نے اس کے ارمانوں کو خاک میں ملا دیا۔ افغانستان کا مسلسل دوسرا ورلڈ کپ تھا، اس کی بھارت کے خلاف پرفارمنس اچھی رہی مگر انگلینڈ نے اسے بُری طرح شکست سے دوچار کیا۔ تقریباً ہر آئی سی سی ایونٹ میں حصہ لینے والی زمبابوین ٹیم کی پرفارمنس بدسے بدتر ہوتی جارہی ہے۔

اس بار بھی اس کے ہاتھ ایک بھی فتح نہیں آئی۔ اس سے قبل 2007 میں ابتدائی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹ اور زمبابوے نے آسٹریلیاکو 5 وکٹ سے مات دے کر اپنی صلاحیتیں ظاہر کیں تھی۔ 2009 کے ورلڈ کپ میں نیدر لینڈ نے انگلینڈ کو 4 وکٹ سے شکست دے کر اپ سیٹ کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 2014 میں 16 ٹیمیں شریک ہوں گی جس سے یکطرفہ مقابلوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔
Load Next Story