شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات کالج کی طالبات اور مالی کو کاٹ لیا

کالج کی انتظامیہ کی جانب سے طالبات کوکلاس روم میں بند کردیاگیا تھا

طالبات و مالی کی طبی امداد ، کے ایم سی عملے نے زہر دے کرکتے کو ہلاک کیا

شہرمیں آوارہ کتوں کی بہتات کے سبب مختلف علاقوں کے بعداب تعلیمی اداروں میں سگ گزیدگی کے واقعات رونما ہونے شروع ہوگئے ہیں۔

بدھ کو اسٹیڈیم روڈ پرقائم خاتون پاکستان گورنمنٹ کالج برائے خواتین اور رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج میں پاگل کتے نے کالج کی حدود میں گھس کر ایک مالی اوردو طالبات کوکاٹ لیا پاگل کتے کے کاٹنے سے خاتون پاکستان گورنمنٹ کالج برائے خواتین کامالی زخمی ہوگیا۔


اس کے چہرے پرزخم آئے جبکہ رعنالیاقت علی خان گورنمنٹ کالج میں اسی کتے کے کاٹنے سے 2 طالبات زخمی ہوگئیں اس موقع پر مذکورہ دونوں کالجوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

انتظامیہ کی جانب سے طالبات کوکلاس روم میں بند کردیاگیا اورکے ایم سی کے عملے کو بلا کر کتے کومارنے کی درخواست کی گئی جبکہ واقعے کی اطلاع ڈائریکٹر جنرل کالجز کے دفترکوبھی دی گئی ۔

بعدازاں کے ایم سی کے عملے نے زہر دے کرکتے کو ہلاک کردیا، ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصارکے مطابق بدھ کوصبح کے وقت ایک پاگل کتاکالج میںگھس آیا تھاجس کے سبب یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس کے بعدطالبات اورمالی کوابتدائی طبی امدادبھی دی گئی۔
Load Next Story