آتش زدگی سے الیکشن ریکارڈ کے جلنے کا واقعہ

الیکشن میٹریل میں عام اور ضمنی انتخابات اورلوکل گورنمنٹ الیکشن سے متعلق اسٹیشنری، فارم اور کپڑے کے خالی بیگ شامل تھے

الیکشن میٹریل میں عام اور ضمنی انتخابات اورلوکل گورنمنٹ الیکشن سے متعلق اسٹیشنری، فارم اور کپڑے کے خالی بیگ شامل تھے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور:
2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے تحریک انصاف مسلسل الزامات عائد کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں دھرنے بھی جاری ہیں۔ ایسے میں لاہور کے ایک سرکاری اسکول کے تہہ خانے پراسرارطور پر آتشزدگی سے الیکشن کمیشن کا اہم سرکاری ریکارڈ جلنے کا واقعہ سب کے لیے توجہ کا باعث بنا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اسکول کے گودام میں جہاں الیکشن میٹریل محفوظ کیا گیا تھا، حادثاتی طور پر آگ لگی۔


آگ بجھانے والے عملے کی بروقت آمد سے آدھ گھنٹے کے اندر اندر آگ پر قابو پالیا گیا اور الیکشن میٹریل کو مزید نقصان پہنچنے سے بچالیا گیا۔ الیکشن میٹریل میں عام انتخابات ، ضمنی انتخابات اور لوکل گورنمنٹ الیکشن سے متعلق اسٹیشنری بیگ ، فارم اور کپڑے کے خالی بیگ وغیرہ شامل تھے۔ کچھ اسٹیشنری بیگ کو آگ سے نقصان پہنچا دیگر تمام سامان محفوظ ہے، اس گودام میں جنرل الیکشن 2013 ء کے حوالے سے کسی طرح کا پولنگ ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

معاملہ خواہ اتفاقی ہو یا اس میں دانستگی کا عمل شامل ہو، اس کی باقاعدہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ پاکستان میں یہ معمول بن گیا ہے کہ کوئی بھی واقعہ ہو جائے اس کی اول تو تحقیق ہی نہیں ہوتی اور اگر کسی دباؤ کے باعث تحقیقات ہو جائیں تو اس کی رپورٹ منظرعام پر نہیں آتی۔ الیکشن کمیشن کا ریکارڈ جلنا یا اسے نقصان پہنچنا عام حالات میں تو کوئی بڑی بات نہ ہو لیکن موجودہ حالات میں یہ اہم ہے لہٰذا ضروری ہے کہ حکومت پنجاب اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرائے تاکہ کسی سیاسی جماعت کو الزامات لگانے کا موقع نہ ملے۔
Load Next Story