چیئرمین ایف بی آر نے گریڈ 19 کے افسر کی 2 سال کیلیے تنزلی کر دی

جعفر نواز پر ناقص کارکردگی اور مس کنڈکٹ کا الزام تھا، 123 تنخواہ بھی واپس لینے کا حکم

سزا فوری نافذ، افسر کو مجاز اتھارٹی کے پاس اپیل کرنے کا حق ہوگا، نوٹیفکیشن جاری۔ فوٹو: فائل

چیئرمین ایف بی آر و سیکریٹری ریونیو ڈویژن طارق باجوہ نے ناقص کارکردگی اور مس کنڈکٹ کی بنا پر گریڈ 19 کے ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو آر ٹی او لاہور جعفر نواز کی 2 سال کے لیے گریڈ18 میں تنزلی کرکے ایڈیشنل کمشنر سے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو بنا دیا ہے اور غیر قانونی طور پر حاصل کردہ 123 تنخواہ بھی واپس لینے کے احکام جاری کر دیے ہیں۔


ایف بی آر سے گزشتہ روز جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جعفر نواز کے خلاف مس کنڈکٹ اور ناقص کارکردگی کے الزامات تھے جس پر مجاز اتھارٹی چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو و سیکریٹری ریونیو ڈویژن نے تحقیقات کے لیے گریڈ 21 کے افسر شفقت محمود کو انکوائری افسر مقرر کیا جنہوں نے تحقیقات مکمل کر کے اپنی رپورٹ مجاز اتھارٹی کو پیش کی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا کہ جعفر نواز پر لگائے جانے والے کنڈکٹ و ناقص کارکردگی کے الزامات درست ثابت ہوئے ہیں، انکوائری افسر کی طرف سے جعفر نواز کو بڑی سزا تجویز کی تھی، مجاز اتھارٹی نے کیس کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لینے اور انکوائری رپورٹ کی سفارشات پرجعفر نواز کی 2 سال کے لیے گریڈ 18 میں تنزلی کرکے ایڈیشنل کمشنر سے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو بنانے کے احکام جاری کیے ہیں اس کے علاوہ 2 جولائی سے یکم نومبر تک لی جانے والی تنخواہ کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا ہے اور حکم دیا گیا ہے کہ جعفر نواز سے مذکورہ 123 تنخواہ کی رقم بھی ریکور کی جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ سزا فوری طور پر نافذ العمل ہو گی تاہم جعفر نواز کو اس سزا کے خلاف متعلقہ رولز کے مطابق مجاز ایپلٹ اتھارٹی کے پاس اپیل کرنے کا حق ہو گا۔
Load Next Story