کرینہ کپور’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کیلئے سلمان خان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر جائینگی

مسلمان لڑکے اور ہندو لڑکی کی محبت پر مبنی فلم کی شوٹنگ کا پہلا اسپیل نومبر کے پہلے ہفتے شروع اور ایک ماہ میں ختم ہوگا

پری پروڈکشن کا کام جاری ہے، بھارت کے دوسرے شہروں میں بھی عکسبندی کی جائے گی، فلم آئندہ برس عید پر ریلیز ہوگی، کبیر خان فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان جن کی حال ہی میں اجے دیوگن کے ساتھ فلم ''سنگھم ریٹرنز'' ریلیز ہوئی ہے اب اپنی نئی فلم ''بجرنگی بھائی جان'' (Bajrangi Bhaijaan) کی شوٹنگ کے لیے مقبوضہ کشمیر جائیں گی۔

کبیر خان کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی اس فلم میں ان کے ساتھ مرکزی کردار اداکار سلمان خان نبھا رہے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کا مرکزی خیال مسلمان لڑکے اور ہندو لڑکی کی محبت پر ہے۔ اس سلسلہ میں ہدایتکار کبیر خان کا کہنا ہے کہ فلم کی پری پروڈکشن کا کام ان دنوں تیزی کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے۔ فلم کی شوٹنگ کا پہلا اسپیل نومبر کے پہلے ہفتے مقبوضہ کشمیر میں شروع ہوگا اور ایک ماہ کے دوران اسے مکمل کر لیا جائے گا۔


ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ فلم کی کہانی ایک مسلمان لڑکے اور ہندو لڑکی کے گرد گھومتی ہے، اس لیے مقبوضہ کشمیر سے بہتر شوٹنگ کے لیے کوئی جگہ نہیں محسوس ہوئی اور اسی وجہ سے شوٹنگ کا آغاز بھی وہیں سے کیا جارہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ سلمان خان کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بنائی جانے والی دوسری فلم ہے جس کی عکسبندی بھارت کے دوسرے شہروں میں بھی کی جائے گی۔ تاہم ابھی ان کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا فلم کو آئندہ برس یعنی 2015ء میں عید الفطر پر سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔
Load Next Story