روپے کی قدر میں کمی سے 240 ارب کا نقصان ہوگا اسحق ڈار

دھرنوں کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے، مظاہرین کیخلاف طاقت کے استعمال کا ارادہ نہیں، وزیرخزانہ

گزشتہ مالی سال کےلئے مقرر کردہ 2275 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف تقریباً حاصل کرلیاگیا ہے، اسحاق ڈار۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے جب کہ بعض قوتیں پاکستان کو مستحکم ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیں۔


نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جب بھی ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوتی ہے اور مثبت نتائج دکھانا شروع کرتی ہے تو لانگ مارچ اور دھرنے شروع کردیے جاتے ہیں، حکومت کا دھرنوں کیخلاف طاقت کے استعمال کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچا ہے جب کہ ایک دھرنے کے رہنما کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک، ٹیکسوں اور یوٹیلٹی بلز کی عدم ادائیگی کے اعلان اور غیر ملکی زرمبادلہ میں تاخیر سے کاروباری برادری میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔

دھرنوں کی وجہ سے معاشی نقصانات کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہاکہ ملک کو روپے کی قدر میں4 فیصد کمی کے نتیجے میں 240 ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے، قیمتوں میں عدم استحکام آیا ہے جب کہ اسٹاک مارکیٹس بھی متاثر ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کےلئے مقرر کردہ 2275 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف تقریباً حاصل کرلیاگیا ہے۔
Load Next Story