گاڑیوں کی ٹکر سے 3 موٹر سائیکل سوار افراد ہلاک ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق

حادثات لانڈھی، گڈاپ اور سپرہائی وے میں پیش آئے، فیکٹری میں کام کے دوران بھاری چیز سر پر گرنے سے 55 سالہ محنت کش ہلاک

حادثات لانڈھی، گڈاپ اور سپرہائی وے میں پیش آئے، فیکٹری میں کام کے دوران بھاری چیز سر پر گرنے سے 55 سالہ محنت کش ہلاک۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات اور واقعات کے دوران 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی نمبر3 بابرمارکیٹ کے قریب تیز رفتار شمع مسافر کوچ کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار23 سالہ راحیل ولد جاوید احمد موقع پر ہلاک ہوگیا،متوفی مکان نمبر 31/16 سیکٹر 37-C لانڈھی ساڑھے 3 کا رہائشی تھا، لانڈھی پولیس نے بتایا کہ پولیس نے کوچ کو تحویل میں لے لیا ، ڈرائیور اور کنڈیٹر موقع پر سے فرار ہوگئے، پولیس نے متوفی محمد راحیل کی لاش ورثا کے حوالے کرکے مسافر کوچ کے ڈرائیور اور کنڈیٹر کی تلاش شروع کردی، گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے لکی چڑھائی کے قریب نامعلوم ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 45 سالہ محمد ایوب ولد عثمان علی قریشی ہلاک ہوگیا۔


ایس ایچ او خان نواز کا کہنا ہے کہ متوفی حیدرآباد کے علاقے پاکستان چوک کا رہائشی اور سپر ہائی وے پر واقع ہوٹلوں پر گوشت سپلائی کا کام کرتا تھا ، پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی،سپرہائی وے مویشی منڈی نیو پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 45 سالہ اشرف ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی نارتھ کراچی کا رہائشی تھا، پولیس نے کارروائی کے بعد ورثاکے حوالے کردی ، ،ڈرگ روڈ ریلوے پولیس کی حدود وائرلیس گیٹ کے سامنے پٹڑی عبور کرتے ہو ئے 25 سالہ شخص کراچی سے کوئٹہ جانے والی مال گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو جناح اسپتال لایا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت طارق ولد عبدالغفور کے نام سے کی گئی ہے جو کہ پنجاب ٹاؤن کا رہائشی اور ذہنی مریض تھا،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا،سائٹ اے کے علاقے فرنٹیئر کالونی میں واقع مقامی فیکٹری میں کام کے دوران بھاری چیز سر پر گرنے سے 55 سالہ ملازم دلاور جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو عباسی اسپتال لایا گیا جہاں سے ورثا لاش لے گئے۔
Load Next Story