پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے سابق کپتان

پلیئرز میگا ایونٹ کے دیگر مقابلوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے، جاوید میانداد

بنگلہ دیش کے خلاف گرین شرٹس نے عمدگی سے بڑے ہدف کا تعاقب کیا ، انتخاب عالم فوٹو: فائل

سابق کپتانوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم تمام شعبوں میں شاندار کھیل پیش کر کے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں ماضی کے عظیم بیٹسمین جاوید میانداد نے کہا کہ میں 1992 کی ون ڈے ورلڈ چیمپئن ٹیم کا رکن تھا، میری خواہش ہے کہ گرین شرٹس اس بار ٹی ٹوئنٹی میں ماضی کی تاریخ دہرائیں۔

حفیظ الیون پر مجھے مکمل اعتماد ہے اور میں پُرامید ہوں کہ وہ نہ صرف جنوبی افریقہ بلکہ میگا ایونٹ کے دیگر مقابلوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھائے گی۔


انتخاب عالم نے کہا کہ بنگلہ دیش کیخلاف ٹیم نے جس عمدگی سے بڑے ہدف کا تعاقب کیا اس کے بعد میں پُرامید ہوں کہ وہ پروٹیز کیخلاف بھی شاندار کھیل پیش کریگی،انھوں نے کہا کہ بلاشبہ جنوبی افریقہ مضبوط ٹیم ہے لیکن ماضی کا ریکارڈ دیکھا جائے تو وہ کوئی بھی بڑا ایونٹ نہیں جیت سکی،دبائو کے حامل میچ میں اسکے پلیئرز اچھا کھیل پیش نہیں کر پاتے اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دریں اثنا سابق قائد یونس خان نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کو ترنوالہ سمجھنا بہت بڑی غلطی ہو گی، وہ ہر حریف کو زیر کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ، سپرایٹ مرحلے میں سخت مقابلے ہونگے ۔ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ محمد آصف اور محمد عامر کی عدم موجودگی کے سبب پاکستانی بولنگ اٹیک کمزور ضرور ہوا لیکن ٹیم میں جادوئی اسپنر سعید اجمل اور فاسٹ بولرعمر گل سمیت اب بھی ایسے کھلاڑی موجود ہیں۔

جو اچھی پرفارمنس کی بنیاد پرکامیابی دلاسکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کھلاڑی ورلڈ کپ جیتنے کیلیے خودکو کافی پُر اعتماد محسوس کر رہے ہیں، سپر 8 مرحلے میں ٹیم نئے جذبے کے ساتھ جنوبی افریقہ،بھارت اور آسٹریلیا جیسے مضبوط حریفوںکیخلاف کامیابی حاصل کرے گی۔
Load Next Story