بھارتی ثالثی نے ویسٹ انڈین کرکٹرز کا غصہ ٹھنڈا کیا

سیریز متاثر نہ ہونے کی امید ہے، قرض دینے کی باتوں میں صداقت نہیں، سنجے پٹیل

سیریز متاثر نہ ہونے کی امید ہے، قرض دینے کی باتوں میں صداقت نہیں، سنجے پٹیل فوٹو : فائل

بھارتی ثالثی نے ویسٹ انڈین کرکٹرز کا غصہ ٹھنڈا کیا، بی سی سی آئی کی یقین دہانی پر ٹور کے بائیکاٹ کا فیصلہ موخر کیا گیا۔

بورڈ سیکریٹری سنجے پٹیل کا کہنا ہے کہ سیریز متاثر نہ ہونے کیلیے پرامید ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین کرکٹرز نے بورڈ اور اپنی ایسوسی ایشن کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے خلاف بھارتی سیریز کے ہی بائیکاٹ کی دھمکی دے تھی مگر پھر ون ڈے سیریز کھیلنے پر راضی ہوئی اور کوچی میں بڑی کامیابی بھی حاصل کی۔ کھلاڑیوں کا غصہ ٹھنڈا کرنے میں بھارتی بورڈ نے اہم کردار ادا کیا۔ بی سی سی آئی نے امید ظاہر کی ہے کہ اب یہ سیریز ویسٹ انڈین تنازع سے متاثر نہیں ہوگی۔


بورڈ کے سیکریٹری سنجے پٹیل کا کہنا ہے کہ میں نے مہمان پلیئرز سے بات کی اور انھیں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل پر ہم ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ سے نہ صرف بات کریں گے بلکہ جلد ہی اس کو حل بھی کرلیں گے۔

انھوں نے ان افواہوں کی تردید کی کہ کھلاڑیوں کو معاوضوں کی ادائیگی کیلیے ویسٹ انڈیز بورڈ کو قرضہ دیا گیا، انھوں نے کہا کہ بعض میڈیا ذرائع کے حوالے سے ایسی باتیں کررہے ہیں جن کا کوئی وجود نہیں ہے، اس قسم کی چیز پر تو بات تک نہیں ہوئی کیونکہ بورڈ کے قوانین اس کی اجازت ہی نہیں دیتے، کسی قسم کا قرض نہیں دیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گذشتہ سال بھارت نے کیریبیئن سائیڈ کو جب اپنے ملک بلایا تھا تو اس وقت مہمان کھلاڑیوں کے تمام تر اخراجات خود ادا کیے تھے۔ ادھر ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر ویکلف ڈیو کیمرون نے سنجے پٹیل کا ثالث کا کردار ادا کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
Load Next Story