فٹ پاتھ پرسوئے بچوں کوکچلنے والا ڈرائیورگرفتار مقدمہ درج

کچلے گئے خانہ بدوش بہن بھائی کئی سال سے اسی فٹ پاتھ پر رہتے تھے، عمریں 7,8سال تھیں

کچلے گئے خانہ بدوش بہن بھائی کئی سال سے اسی فٹ پاتھ پر رہتے تھے، عمریں 7,8سال تھیں فوٹو: فائل

ایم اے جناح روڈ پر جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب فٹ پاتھ پر سوئے معصوم بچوں کو تیزرفتار گاڑی سے کچلنے والے ڈرائیور کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔


پریڈی پولیس کے مطابق مقدمہ قصاص و دیت آرڈیننس کے تحت جاں بحق بچوں کے والد محمد فرید کی مدعیت میں حادثے کے ذمے دار ڈرائیور 28 سالہ عامرکے خلاف درج کیا گیا ہے ۔پریڈی تھانے کے سب انسپکٹر سعید نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزم عامر بلڈ پریشر کامریض ہے، اس نے بیان دیا ہے کہ حادثیکے وقت اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیراچھاگیا تھا ، اسے کچھ معلوم نہیں ہوسکاکہ گاڑی کس سمت میں جارہی ہے ،وہ نیم بے ہوش ہوگیاتھا۔پولیس کے مطابق عامر 2روز قبل ہی ادائیگی حج کے بعد وطن واپس لوٹا ہے اور بہادرآباد کا رہائشی ہے اور اپنے والد کے ساتھ کاروبار میں ہاتھ بٹاتاہے۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ ایم اے جناح روڈپرجمعے کی شب تقریباً ایک بجے تیز رفتار کار نمبر AFQ-848 ڈرائیورسے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ ہوئے لوگوں پرچڑھ گئی تھی جس کے نتیجے میں 8 سالہ مکیش اور 7 سالہ کاجل دختر فرید ہلاک جبکہ 10 سالہ اجے ، 30 سالہ سنجے اور 35 سالہ فرید زخمی ہو گئے۔ حادثے کو دیکھتے ہی قریبی واقع دلپسند آئسکریم شاپ پر موجود شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کے ذمے دار کار ڈرائیور کو پکڑ لیا۔اسی اثنا میں پریڈی تھانے کی پولیس بھی موقع پرپہنچ گئی اور ڈرائیور عامر کوتحویل میں لے کرتھانے بھیج دیاجبکہ ہلاک و زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں بچے بہن بھائی اورخانہ بدوش تھے جو گزشتہ کئی سالوں سے اپنے والدین کے ساتھ ریڈیوپاکستان کے سامنے فٹ پاتھ پر رہائش پذیرتھے۔
Load Next Story