خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن15نومبر کو ہونگے، کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا، عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بجلی کا بل نہ جلاتا تو حکمرانوں نے بجلی مزید مہنگی کر دینا تھی، کراچی میں زہرہ شاہد کے قاتلوں کو منظر عام پر لایا جائے، انکا تعلق جس پارٹی سے بھی ہو انھیں سزا دی جائے، 17 اکتوبرکو سرگودھا میں جلسے کا تمام کنٹرول ہم اپنے پاس رکھیں گے۔

خیبر پختونخوا میں 15نومبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے، کوئی اس پر انگلی نہیں اٹھا سکے گا، ہمارا بلدیاتی نظام سب سے اچھا ہوگا۔ حکومت نے جن اداروںکو بجلی کی پیدوار بڑھانے کیلئے480 ارب روپے دیئے ہیں ان کا آڈٹ کرایا جائے۔ یہاں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ایک بیوہ خاتون نے چونتیس ہزار بجلی کا بل آنے پر شدید غم میں خودکشی کر لی ہے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافہ پر اپوزیشن لیڈر نے بھی کوئی احتجاج نہیں کیا۔ تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتی ہے جو سندھ اور پنجاب سے بالکل مختلف ہے، بلدیاتی انتخابات کے بعد ایم این ایز اور ایم پی ایز کو فنڈز جاری نہیں کئے جائیں گے۔

مقامی لوگ اپنے تمام معاملات صحت تعلیم دیگر میں خود مختار ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہو رہی ہے، کرپٹ افسران کی وجہ سے قبضہ مافیا اربوں روپوں کا مالک بن گیا ہے۔ جمعرات 16 اکتوبر کو راولپنڈی، اسلام آباد کے طلبہ کو دھرنے میں آنے کی دعوت دی ہے ان کے لیے ایک لیکچر تیار کیاہے۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مزار قائد پر پیپلز پارٹی کے جلسے میں بھی ’گو نواز گو‘ کا نعرہ لگے گا۔