شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل سمیت دس ملزمان کے خلاف نیب ریفرنس ختم

ویب ڈیسک  منگل 30 اپريل 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت دس ملزمان کے خلاف ایل این جی نیب ریفرنس واپس لے لیا، احتساب عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے شاہد خاقان عباسی سمیت دس ملزمان کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول عدالت میں پیش ہوئے جب کہ شاہد خاقان کے وکلا بھی عدالت میں موجود تھے۔

اس دوران نیب کی طرف سے درخواست دائر کی گئی جس میں نیب نے شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس واپس لینے کی استدعا کی۔

عدالت نے نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہد خاقان سمیت تمام ملزمان ریفرنس واپس کردیا۔ عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور عبداللہ خاقان، عمران الحق سمیت دیگر کیخلاف ریفرنس ختم ہوگیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی درخواست پر نیب اتھارٹی نے میرٹ پر ریفرنس واپس لینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے نیب کو درخواست دی تھی کہ میرٹ پر یہ ریفرنس نہیں بنتا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان پر 16 نومبر 2020ء کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ جولائی 2019ء میں گرفتاری کے بعد شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں بھی رہے، فروری دوہزار بیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد رہا ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔