مہران ٹاؤن تاوان کیلیے 9 سالہ بچے کو اغوا کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم تاوان لیکرنبیل کو بلوچ کالونی پل کے قریب زخمی حالت میں پھینک کر فرار ہوگیا تھا

مغوی کے باپ نے جس مکینک کوگاڑی مرمت کرنے کیلیے دی اسی نے بچے کو اغوا کیا ۔ فوٹو : فائل

کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے دو کروڑ روپے تاوان کیلیے9سالہ بچے کو اغوا کرنے والے ایک ملزم کوگرفتار کر لیا، ملزم مغوی بچے کے والد سے 50 ہزار روپے لیکر مغوی کو بلوچ کالونی پل کے قریب زخمی حالت میں پھینک کر فرار ہو گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کورنگی ڈویژن کی سربراہی میں ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا انسپکٹر آفتاب رند نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کورنگی مہران ٹاؤن میں چھاپہ مار کر ایک اغوا کار عدیل کو گرفتار کر لیا ، انسپکٹر آفتاب رند نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزم نے اپنے دیگر دو ساتھیوں خالد اور ایک نامعلوم کے ہمراہ کورنگی پی اینڈ ٹی کالونی کے رہائشی کنسٹریکشن کے ٹھیکیدار عبد الرؤف کے9 سالہ بیٹے نبیل کو 14 اکتوبر کو شام 5 اور 6 بجے کے درمیان گھر کے پاس سے اغوا کر لیا تھا ، انھوں نے بتایا کہ15 اکتوبر کی صبح نبیل کے والد نے تھانے میں اپنے بیٹے کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی ۔


مدعی نے بتایا تھا کہ انہوں نے گھر کے قریب واقع مکینک کی دکان پر اپنی موٹر سائیکل مرمت کے لیے دی ہوئی تھی شام کو انھوں نے اپنے بیٹے نبیل کو مکینک کی دکان پر موٹر سائیکل ٹھیک ہونے کے بارے میں پوچھنے کے لیے بھیجا تھا جس کے بعد وہ واپس نہیں آیا ، انھوں نے بتایا کہ ملزمان نے 15 اکتوبر کو عبد الرؤف کو فون کر کے بتایا کہ ان کا بیٹا اغوا کر لیا گیا ہے 2 کروڑ روپے دو بچے کو لے جاؤ ، مدعی نے جب ملزمان کے فون آنے اور تاوان کے بارے میں پولیس کو بتایا تو پولیس نے ملزمان کا نمبر اور مدعی کا نمبر سی پی ایل سی کی مدد سے چیک پر لگا دیا، انھوں نے بتایا کہ ملزمان نے مغوی کے والد کو متعدد فون کیے جس پر مدعی نے ملزمان کو 50 ہزار روپے تاوان ادا کر دیا تھا ۔

ملزمان مغوی کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بلوچ کالونی پل کے قریب زخمی حالت میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے اور مغوی کے والد کو فون کرکے بتا دیا تھا کہ تمھارے بچے کو ہم نے پھینک دیا جس پر عبد الرؤف اور پولیس نے بلوچ کالونی پل کے قریب سے بچے کو بازیاب کرا لیا، ملزمان نے بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس سے اس کے سر اور جسم کے دیگر حصوں میں چوٹ لگی تھی ، مدعی بچے نے پولیس کو بتایا کہ اسے موٹر سائیکل مکینک عدیل نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ اغوا کیا تھا اور آنکھوں پر پٹیاں باندھ کو نامعلوم مقام پر رکھا تھا ، پولیس نے بازیاب ہونے والے بچے کے بیان پر ملزم عدیل کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں ملزم نہیں ملا جس پر پولیس نے اس کے والد عبد الحمید کو حراست میں لے لیا جس کے بعد ملزم نے عدیل نے اپنی گرفتاری پیش کر دی۔
Load Next Story