آسٹریلیا کیخلاف سیریز نہ کھیلنے کا سوچ لیا تھا یونس

کبھی نہیں سوچا تھا کہ جاوید میانداد، انضمام الحق اور محمد یوسف سے آگے نکل جاؤں گا، یونس خان

آج میں پاکستان کا سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والا بیٹسمین ہوں، یونس خان فوٹو : اے ایف پی

RAWALPINDI:
ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ قائم کرنے والے یونس خان نے ایک موقع پر آسٹریلیا سے سیریز نہ کھیلنے کا سوچا تھا لیکن پھر ارادہ ترک کردیا۔


دبئی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ون ڈے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد میں نے سوچاکہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز ہارچکی لہذا میں دنیا کی ایک بڑی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے نہ آؤں لیکن پھر مجھے یہ خیال آیا کہ میں کبھی مشکلات سے نہیں بھاگا اور ہر چیلنج قبول کیا ہے لہذا یہاں آگیا، خود کو موسم سے ہم آہنگ کیا اور آج میں پاکستان کا سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والا بیٹسمین ہوں۔ یونس خان نے مزید کہا کہ میں نے کبھی ریکارڈز کو فوقیت نہیں دی، یہ نہیں سوچا تھا کہ جاوید میانداد، انضمام الحق اور محمد یوسف سے آگے نکل جاؤں گا، سنچریاں بنتی گئیں اور جب میں نے20ویں سنچری اسکور کی تو پھر خیال آیا کہ اگر فٹ رہا تو میں مزید سنچریاں بنا سکتا ہوں۔

اگر آپ میرے کیریئر کو دیکھیں تو 70 اور 80 کے اسکور میں کئی مرتبہ آؤٹ ہوا ہوں۔ یونس خان اپنے کیریئر میں آنجہانی کوچ باب وولمر کو بڑی اہمیت دیتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ وولمر کے کوچ بننے کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا جب مجھے خود پر یقین ہوا کہ زیادہ سنچریاں کرسکتا ہوں،2004 سے قبل میں ٹیم میں ان اور آؤٹ ہوتا رہا تھا، وولمر کے کہنے پر ہی میں نے آسٹریلیا کے دورے میں ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کی حامی بھری تھی، حالانکہ اس آسٹریلوی ٹیم میں میک گرا،گلیسپی، بریٹ لی اور شین وارن جیسے ورلڈ کلاس بولرزموجود تھے۔
Load Next Story