کراچی فائرنگ اور کریکر دھماکوں میں 3 افراد ہلاک

فائرنگ اور کریکر دھماکوں میں موذن سمیت 3 افراد ہلاک اور ماں بیٹے سمیت14 زخمی ہوگئے۔

پاک کالونی ریکسر پل کے نیچے سے لاش ملی،لیاری میں دن بھر گینگ وار، کئی افراد زخمی۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور کریکر دھماکوں میں موذن سمیت 3 افراد ہلاک اور ماں بیٹے سمیت14 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ کے علاقے لیاری سنگولین عثمان بروہی روڈ گلی نمبر4 عید گاہ مسجد کے قریب منگل کو علی الصباح تقریباً6 بجے موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ عابد ولد حبیب ہلاک ہوگیا ، چاکیواڑہ تھانے کے ہیڈ محرر محمد خان نے بتایا کہ مقتول عید گاہ مسجد کا موذن تھا جبکہ وہ گلی میں کھڑی موٹر سائیکلوں کی چوکیداری بھی کرتا تھا ، پولیس کے مطابق عابد کو لیاری گینگ وار عذیر بلوچ گروپ کے کمانڈر ماب بلوچ ، ملا سہیل اور اس کے ساتھیوں نے بابا لاڈلا کے لیے مخبری کے شبہے میں قتل کیا ہے۔

پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل کے نیچے سے35 سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش ملی، اسپتال ذرائع کے مطابق مغوی کو ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر ایک گولی مار کر قتل کیا ہے، کلاکوٹ ، نیا آباد اور جھٹ پٹ مارکیٹ میں عذیر بلوچ اور نور محمد عرف بابا لاڈلا گروپ میں تصادم مورچہ بند فائرنگ اور6 کریکر دھماکوں میں6 افراد زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا ، کلری کے علاقے نیا آباد گلی نمبر 6 میں فائرنگ کی زد میں آکر25 سالہ محمد سلمان ولد محمد حنیف میمن زخمی ہوگیا۔


کلاکوٹ کے علاقے چاکیواڑہ نمبر ایک بزنجو چوک کے قریب دونوں گروپوں نے تصادم کے دوران ایک دوسرے پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے پر6 کریکر پھینکے ، پوسٹ آفس کے قریب کریکر دھماکے کی زد میں آکر55 سالہ عبد العزیز ولد عبد الغنی، 50سالہ عبد الطیف ولد محمد یوسف اور25 سالہ مشتاق حسین ولد محمد حسین زخمی ہو گئے جبکہ کلاکوٹ جھٹ پٹ مارکیٹ میں ایک کریکر گھر میں جا گرا جس کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے اس کے ملبے کے نیچے دب کر40 سالہ کلثوم زوجہ الطاف حسین اور اس کا بیٹا12 سالہ اقبال حسین زخمی ہوگئے۔

پاک کالونی کے علاقے جہانگیر آباد چمن سینما کے قریب موچی کی دکان پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ ضمیرخان ولد نور تحسین خان ہلاک ہوگیا ،، ایس ایچ او پاک کالونی انسپکٹر عرفان آصف نے بتایا کہ مقتول کو جس جگہ قتل کیا ہے مقتول اس کے سامنے پلاٹ پر چوکیداری کرتا تھا ، پی آئی بی کالونی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کرنال بستی پریم گلی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے16 سالہ فہیم ولد نصراﷲ اور 36 سالہ افتخار ولد اکرم زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلیے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔

نیوکراچی صنعتی ایریا شفیق کالونی ہزارہ ہوٹل پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30 سالہ ممتاز ولد رمضان زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ۔ موچکو کے علاقے مواچھ گوٹھ لاسی پاڑہ میں 2 گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں4 افراد 8سالہ فیروز ، 10سالہ عبداﷲ ، 23 سالہ محمد ثاقب اور 25 سالہ عمیر زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا ، قائد آباد کے علاقے مظفر آباد کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ بشیر جبکہ سولجر بازار کے علاقے نشتر روڈ پر واقع جمن شاہ مزار کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے 23 سالہ سونیا زخمی ہوگئی ۔
Load Next Story