اہم مقدمات میں ایس ایس پیز عدالتوں میں موجودگی یقینی بنائیں

تفتیشی افسران اصل ملزمان کو مثالی سزاؤں کیلیے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

مقدمات کی تفتیش اور عدالتوں میں پیروی سے لاپرواہی ناقابل برداشت ہوگی، آئی جی۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ فیاض لغاری کی زیر صدارت مقدمات کی تفتیش اور عدالتوں میں پیروی کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔


جس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ، اے آئی جی آپریشنز سندھ اور تمام ایس ایس پیز انویسٹی گیشن نے شرکت کی، اس موقع پر آئی جی سندھ نے ہدایات دی ہیں کہ انتہائی اہم نوعیت کے مقدمات کی پیروی کے دوران اضلاع کی سطح پر تعینات ایس ایس پیز عدالتوں میں ا پنی موجودگی کو یقینی بنائیں گے جبکہ مقدمات کی پیروی کیلیے مقرر کیے گئے تفتیشی افسران متعلقہ عدالتوں میں نہ صرف اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں بلکہ اصل ملزمان کو مثالی سزاؤں کے عمل کے ضمن میں انتہائی دیانت داری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، مقدمات کی تفتیش اور عدالتوں میں پیروی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی غفلت یا لاپرواہی ناقابل برداشت ہوگی۔

فیاض لغاری نے کہا کہ تھانوں میں ابتدائی رپورٹ کے اندراج سے لے کر جائے وقوع کی تفتیش، شواہد تک رسائی اور ملوث ملزمان کی گرفتاری اور بعدازاں مقدمات کی متعلقہ عدالتوں میں باقاعدہ پیروی تک جملہ امور کو انتہائی ٹھوس اور موثر بنایا جائے تاکہ اصل ملزمان کیخلاف تمام تر کارروائیوں کو نتیجہ خیز بنایا جاسکے ۔
Load Next Story