سی پی ایل سی اور پولیس کی کارروائی 97لیپ ٹاپ اور 22ایل سی ڈی برآمد 3ملزمان گرفتار

ملزمان نے31اگست کو جیل چورنگی پر129لیپ ٹاپ اور22ایل سی ڈی سےلدا ہوا ٹرک چھینا تھا،مارکیٹ میں فروخت کرنےپہنچے پکڑے گئے۔

مسروقہ سامان کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے،ملزمان نے جس کمپنی کا سامان لوٹا ہے، اسی کمپنی کے سابق ملازم تھے،احمد چنائے۔ فوٹو: ایکسپریس

سی پی ایل سی نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے3ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے97لیپ ٹاپ اور22ایل سی ڈی برآمد کرلیں۔


سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے اور ڈی آئی جی ایسٹ شاہد حیات نے گذشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سی پی ایل سی اور پولیس نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کیا، احمد چنائے نے بتایا کہ ملزمان نے 31 اگست کو جیل چورنگی پر129لیپ ٹاپ اور22ایل سی ڈی سے لدا ہوا ٹرک اسلحے کے زور پر چھینا اور اس کے بعد لیپ ٹاپ کو مارکیٹ میں فروخت کرنے پہنچے، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے سی پی ایل سی کی مدد چاہی جس کے بعد لیپ ٹاپ اور ایل سی ڈی کے سیریل نمبرز کی مدد سے مارکیٹوں میں مخبروں کا جال بچھادیا گیا۔

ملزمان نے جیسے ہی لیپ ٹاپ کی فروخت کے لیے ٹیکنو سٹی مارکیٹ کا رخ کیا ، پولیس اور سی پی ایل سی کی ٹیموں نے ان کا سراغ لگاتے ہوئے97لیپ ٹاپ اور22ایل سی ڈی برآمد کرلیں، ڈی آئی جی ایسٹ شاہد حیات نے بتایا کہ کارروائی میں فیروزآباد اور عوامی کالونی پولیس نے حصہ لیا، ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے جس کمپنی کا سامان لوٹا ہے وہ اسی کمپنی کے سابق ملازم تھے اور انھیں ان کی حرکات کی وجہ سے کمپنی سے نکال دیا گیا تھا، برآمد کیے گئے سامان کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے، اس موقع پر پولیس پارٹی کیلیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
Load Next Story