مذہب کے نام پر ظلم ملکی سلامتی کیلیے تباہ کن ہے فارو ق ستار

حکومت سانحہ کوٹ رادھاکشن کے ملزمان کو سزا دے کر مسیحی برادری کو انصاف دلائے، فاروق ستار

تقریب کے شرکا نے شہزاد مسیح اور شمع مسیح کی یاد میں شمع روشن کی اور ان کی علامتی یادگار پر پھول چڑھا کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI:
سانحہ کوٹ رادھا کشن میں زمیں دارکے ہاتھوں جلائے گئے بے گناہ مسیحی میاں بیوی شہزاد مسیح اور شمع بی بی کی یاد میں متحد ہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام شمع روشن کرنے کیلیے جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اراکین ڈاکٹر محمد فاروق ستار، سید امین الحق ، رشید گوڈیل، عبد الحسیب، عارف خان ایڈ وکیٹ، سیف یار خان، اسلم آفریدی، حق پرست اراکین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی، شیفرڈ انور جاوید، پاسٹر روبن راز، پاسٹر امجد فاروق، فادر رحمت شیر، پاسٹر عمر لاٹھی، پاسٹر بشارت اے رکھا، بشپ ریاض شریف، پاسٹر افضل، ہندو برادری کے مہاراج چرن داس، گو سوامی وجے مہاراج، سول سوسائٹی کے نمائندگان، دانشوروں، ادیبوں، گلوکاروں، فنکاروں، ایم کیو ایم کے تنظیمی شعبہ جات کے ذمے داران ، سیکٹر و یونٹس کے ذمے داران و کارکنان سمیت مسیح مذہب سے تعلق رکھنے والی خواتین، بزرگوں، بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کے نام پر ظلم ملکی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک اور تباہ کن ہے، ایم کیو ایم کی نظر میں مسیح جوڑے کا قتل آئین میں موجود ناموس رسالتؐ کے پیرائے میں دیکھا جائے تو یہ قتل غیر قانونی ہے جس میں بغیر کسی تفتیش و قانونی چارہ جوئی کے دونوں میاں بیوی کو بھٹے میں جلا دیا گیا۔

اگر اس قسم کے مذموم اقدام کی روک تھام اور ایسے عناصر کی بیخ کنی نہ کی گئی تو آئندہ ادوار میں قائد اعظم محمد علی جناح کا روشن خیال پاکستان تقسیم در تقسیم ہونے کے دہانے پر پہنچ جائے گا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے کر پوری مسیحی برادری کو انصاف دلائے۔ رکن رابطہ کمیٹی عبد الحسیب نے کہا کہ ایم کیو ایم کسی ایک طبقے یا مذہب کے ماننے والوں کیلیے نہیں بلکہ انسانیت کی بھلائی اور انسانیت کے حقوق کیلیے35برس سے جدوجہد کر رہی ہے۔ معروف ادیب و مصنف خلیل احمد نینی تال والا نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے صوبے میں اقلیتی برادری کے خلاف ہونے والے اقدام کی روک تھا م کرے اور کوٹ رادھا کشن کا نام مسیحی جوڑے سے منسوب کرکے دنیا کو اس حوالے سے مثبت تاثر دے۔


کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران نے کہا کہ الطاف حسین نے آج جب داعش کی بات کی ہے تو ان کی باتوں کو ایک مرتبہ پھر سنجیدگی سے نہیں لیا جارہا جبکہ اس سے قبل بھی انھوں نے کراچی میں طالبا نائزیشن سے قوم کو آگاہ کیا تھا تب بھی ان کے انکشافات کو غیرسنجیدہ لیا گیا تھا ،جس کی حقیقت آج ثابت ہو چکی ہے۔ سینیٹرتنویر الحق تھانوی نے کہا کہ اسلام میں بھی غیر مسلموں کیلیے احترام کی تعلیمات دی گئی ہیں لہٰذا ایسے مذموم اقدام سراسر اسلام مخالف ہیں۔ پاکستا ن فیڈرل یونین آ ف جرنلٹسس کے رکن حسن عباس نے کہا کہ شہزاد مسیح اور شمع مسیح کو زندہ جلانے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں اور حیوانوں سے بھی بدتر ہیں۔

ملک میں تمام پاکستانیوں کو برابرکے حقوق ملنے چاہئیں اور میڈیا اس سلسلے میں جہاں تک ممکن ہوگا اپنی آواز بلند کرے گا، انھوں نے مسیح جوڑے کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے پروگرام کے انعقاد پر الطاف حسین اور ایم کیو ایم کو خراج تحسین پیش کیا اورپی ایف یو جے اور ملک بھر کی صحافی برادری کی جانب سے واقعے کی مذمت اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کو متنازع بنانے کے اقدام کا نوٹس لے اور ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دے۔ صحافی شکیل یامین کانگا نے کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیوا یم ملک کی واحد جماعت ہے، جس نے مظلوموں کے ساتھ ہر ناانصافی کے خلاف آوازاٹھائی ہے اور الطاف حسین ہی واحد سیاسی لیڈر ہیں جنھوں نے ہمیشہ صحافی برادری کے ساتھ نا انصافیوں کی بھی مذمت کی ہے۔ امجد شیفلڈ نے کہا کہ ایم کیوا یم کی جانب سے آج کی اس تقریب کے انعقاد سے واضح ہو گیا کہ الطاف حسین ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کی واحد آواز ہیں جو پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کیخلاف سب سے پہلے صدا بلند کرتے ہیں۔

بعد ازاں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اراکین رابطہ کمیٹی ، تقریب کے شرکا نے شہزاد مسیح اور شمع مسیح کی یاد میں شمع روشن کی اور ان کی علامتی یادگار پر پھول چڑھا کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ دریں اثنا تقریب کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں بینر ز اور پلے کارڈ تھامے ہوئے تھے جن پر کوٹ رادھا کشن کے افسوسناک واقعے کی مذمت اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کا رروائی کے مطالبے درج تھے جبکہ جناح گراؤنڈ میں قائم پنڈال کے چاروں اطراف ایم کیو ایم کی جانب سے مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے عقائد کے احترام و برداشت کے فروغ کیلیے مختلفکلمات درج تھے۔

تقریب کا آغاز متحدہ بین المسلمین فورم کے صدر تنویر الحق تھانوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ فادر رحمت شیر نے شہزا د مسیح اور شمع مسیح کے لیے دعائیہ کلمات کہے۔ اس موقع پر ایلڈرپطرس نے بچوں کے ہمراہ زندہ جلائے گئے مسیحی جوڑے کیلیے دعائیہ زبورگیت بھی گایا۔
Load Next Story