بس چلے تو حکمرانوں کوسرعام پھانسی دے دوں شہری

حکومت غربت نہیں غریب ختم کررہی ہے،مہنگائی اورذلت کے سواکچھ نہیں دیا

کرپٹ حکمران ٹولے نے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے، بات سے بات میں لوگوں کی شکایات

حکومت نے روٹی کپڑا مکان کے بجائے مہنگائی اورذلت کے سواکچھ نہیں دیا۔حکومت غربت نہیں غریب ختم کررہی ہے۔

جب چاہے بجلی بند ،جب چاہے پٹرول کی قیمت بڑھا دیتے ہیں۔اے سی کی ٹھنڈی ہوا میں رہنے والے سڑکوں پر رہنے والوں کے مسائل کیا سمجھیں گے۔اگر میرا بس چلے تو حکمرانوں کو سرعام پھانسی دے دوں۔ پروگرام بات سے بات میں اینکرپرسن ماریہ ذوالفقار سے گفتگو میں مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے شکایات کے انبار لگادیے ۔پروگرام میں افتخارنامی رکشہ ڈرائیورنے کہاکہ سی این جی پہلے سہولت تھی مگراب عذاب بن گئی ہے حکومت کے لیے ہروقت دل سے گالیاں نکلتی ہیں۔


روز روز کی مہنگائی نے زندگی اجیرن بنادی میرا دل چاہتا کہ خودکشی کرلوں۔ماہر معاشیات ابراہیم مغل نے کہاکہ جب کوئی غریب خودکشی کرلیتاہے تو حکمران سستی شہرت کے لیے اس کی موت پر پانچ لاکھ روپے لے کر چلے جاتے ہیں ۔بھارت میں پٹرول کی قیمت اٹھاسی روپے پاکستان میں ایک سوآٹھ روپے فی لیٹرہے ،کرپٹ اور مفاد پرست حکمران ٹولے نے اٹھارہ کروڑ عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔سی این جی ڈلوانے کے لیے قطار میں لگی ایک خاتون نے کہاکہ اگر مجھے موقع ملے تو میں پاکستان سے جائوں گی۔

نہیں بلکہ بھاگ جائوں گی۔ایک رکشہ ڈرائیورنے کہاکہ پہلے دووقت کی روٹی اتنی مشکل نہیں تھی۔ایک نوجوان نے کہاکہ میں فارمیسی کا طالبعلم ہوں لیکن سمجھ نہیں آرہا کہ میرا مستقبل کیا ہوگا۔ایک شخص کا کہناتھاکہ خدا غارت کرے حکمرانوں کوملک کا پیسہ بھی اور باہرکا قرضہ بھی کھا گئے۔
Load Next Story