18 ویں ترمیم اور 73ء کے آئین کو چھیڑا گیا تو 4 نئے آئین بنیں گے اسفندیار

نئے صوبوں کا آئینی راستہ موجود ہے، ہم اپنی مٹی دوسروں کیلئے چھوڑنے پر تیار نہیں،

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نشتر ہال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے5 سال کیلئے مینڈیٹ لیا ہے اس لئے ہم کپتان اور صوبائی حکومت کو کسی صورت بھاگنے نہیں دیں گے بلکہ ان کیساتھ الیکشن کے دن حساب کریں گے اورانھیں میانیوالی پہنچاکر دم لیں گے اگرکسی نے18ویں ترمیم اور73ء کا آئین چھیڑا تو پھر4نئے آئین بنیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاے این پی سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام بلور، مرکزی جنرل سیکریٹری میاں افتخار حسین اور دیگر موجود تھے۔ اسفندیارولی خان نے کہاکہ ہر روز کنٹینر پرکھڑے ہوکرنیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنیوالے کپتان نے ڈیڑھ سال میں خیبر پختونخوا کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔


صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے گزشتہ سال70فیصد بجٹ ضائع ہوگیا جبکہ رواں سال حالت اس سے بھی بدتر ہے،انھوں نے کہاکہ ہم کپتان کو بھاگنے نہیں دیں گے اس لئے وہ قوم اور نوجوانوں کیساتھ کئے وعدے پورے کریں ہم الیکشن کے دن ان کیساتھ نہ صرف حساب کریں گے بلکہ انھیں میانوالی پہنچا کردم لیں گے۔ اسفندیارولی خان نے افغان صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم ایک عرصہ سے چلا رہے ہیں کہ جب تک پاکستان اورافغانستان فیصلہ نہیں کرتے تب تک خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔

اسفندیارولی خان نے کہاکہ آئین میں وزیر اعظم کو ہٹانے کا طریقہ کار موجود ہے۔ دھرنوں اور احتجاج کے ذریعے وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ کرنا کسی طور جائز نہیں، انھوں نے کہاکہ اگر کسی نے 18ویں ترمیم اور 1973ء کے آئین کو چھیڑا تو پھر پرانا آئین بحال نہیں ہوگا بلکہ چار نئے آئین بنیں گے۔
Load Next Story