شہید ملت ایکسپریس وے اسپیڈ بریکر شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے

شہریوں کے تحفظ کیلیے ایکسپریس وے پر پولیس چوکی قائم کی جائے

شہریوں نے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک سمیت تمام متعلقہ افسران سے اپیل کی ہے کہ شہید ملت ایکسپریس وے پر اسپیڈ بریکر ختم کردیے جائیں. فوٹو: فائل

KARACHI:
شہید ملت ایکسپریس وے پر جہاں پہلے ہی مسلح ملزمان کا راج تھا وہاں اب اسپیڈ بریکر بننے کے بعد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

شہری خوف کے عالم میں تیز رفتاری سے گزرتے تھے لیکن اسپیڈ بریکرز نے شہریوں کی پریشانیاں مزید بڑھادیں، شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسپیڈ بریکر ختم کرکے ایکسپریس وے پر پولیس کا گشت اور پولیس چوکی کا قیام یقینی بنایا جائے، تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی سے قیوم آباد کی جانب آنیوالے شہید ملت ایکسپریس وے پر اسپیڈ بریکر بنادیے گئے ہیں جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔


ایکسپریس وے پر پہلے ہی مسلح ملزمان کا راج تھا جوکہ یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا کرتے تھے، شہری مذکورہ راستے سے خوف کے عالم میں تیز رفتاری کا سہارا لے کر یہاں سے گزر جاتے تھے لیکن انتظامیہ کی جانب سے ایکسپریس وے پر بھی اسپیڈ بریکر بنا دیے گئے، اسپیڈ بریکر بننے کے باعث جیسے ہی گاڑیوں کی رفتار کم ہوتی ہے سڑک کے کنارے موجود اور بند کے پیچھے چھپ کر بیٹھے مسلح افراد فوری پہنچ کر اسلحے کے زور پر شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر لے جاتے ہیں۔

شہریوں نے کہا کہ ایکسپریس وے سیکیورٹی رسک بنتا جارہا ہے جبکہ بیشتر افراد نے یہاں سے گزرنا ہی ترک کردیا ہے، متعدد افراد کورنگی روڈ کا لمبا چکر کاٹ کر شارع فیصل کے ذریعے اپنی اپنی منزل مقصود کو پہنچتے ہیں، شہریوں نے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک سمیت تمام متعلقہ افسران سے اپیل کی ہے کہ شہید ملت ایکسپریس وے پر اسپیڈ بریکر ختم کردیے جائیں، ایکسپریس وے پر 24 گھنٹے پولیس کا گشت یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے تحفظ کیلیے ایکسپریس وے پر پولیس چوکی بھی قائم کی جائے۔
Load Next Story