کورنگی اور بلدیہ ٹائون رینجرز کی بلا جواز گرفتاریوں پر مکین سراپا احتجاج

گرفتار افراد کی رہائی کے لیے عوامی کالونی سنگر چورنگی پر کئی گھنٹے طویل احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

عوامی کالونی میں رینجرزکی کارروائیوں کے خلاف علاقہ مکین سنگرچورنگی کو بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کورنگی میں عوامی کالونی کے مکینوں نے رینجرز کی کارروائیوں کے خلاف کئی گھنٹے طویل مظاہرہ کیا اور حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا۔


بلدیہ ٹائون میں بھی رینجرز کے چھاپوں کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ، اس دوران نامعلوم افراد نے سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کیے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردیں جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ پتھرائو کے باعث متعدد گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچا ،پولیس حکام نے مذاکرات کے بعد مظاہرین کو منتشر کردیا ، تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا میں عوامی کالونی میں علاقہ مکینوں نے رینجرز کی چھاپہ مار کارروائیوں کے خلاف مظاہرہ کیا ، سنگر چورنگی پر علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔

مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بے گناہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ، انھیں فوری طور پر رہا کیا جائے، اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی ، نامعلوم افراد نے ٹریفک پر پتھرائو بھی کیا جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، پولیس حکام نے طویل مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پر امن طور پر منتشر کردیا۔
Load Next Story