آمر نے بلوچستان کو ریاست کا دشمن بنایا عدلیہ نے انصاف کی فراہمی میں دہرا معیار اپنا رکھا ہے بلاول بھٹو

بیٹے کے مقدمہ کیلیے ایک اوردوسروںکیلیے الگ طریقہ اپنایاگیاہے،گستاخانہ فلم جیسے اقدامات بندہونے چاہئیں،خطاب

نیویارک: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی کے سالانہ کنونشن سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

ISLAMABAD:
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام چیلنجوں کے باوجود پہلی بارآئینی اور پرامن طریقے سے ایک جمہوری حکومت سے دوسری نئی جمہوری حکومت کو انتقال اقتدار ہونے جا رہا ہے۔

دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو انتخابات میں حصہ لینے اور شہری امور میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے، کسی غیرمنتخب فرد کو یہ اختیار نہیں ہونا چاہیے کہ وہ پاکستانی عوام کی طرف سے منتخب کردہ کسی رکن کی وفاداری کے بارے میںسوال اٹھائے۔ نیویارک میں پیپلزپارٹی یوایس اے کے کنونشن سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان آمریت سے جمہوریت کی طرف گامزن ہے ، ہم نے پارلیمنٹ کی بالادستی اورآئین کو بحال کیا ، فوجی آمروں سے نجات حاصل کی اور صحافت کو آزاد بنایا ہے، ملک میں جمہوریت مضبوط اور ترقی کر رہی ہے، پیپلز پارٹی تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کیلیے پرعزم ہے ، انھیں انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لینے کا پورا حق ہونا چاہیے۔


انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پاکستان کامستقبل بنارہی ہے، پہلی بار جمہوری حکومت نئی جمہوری حکومت کو اقتدار منتقل کریگی، ہم نے صوبوں کو اختیارات دیے، غریب عوام کو سوشل سیفٹی نیٹ میں لایا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور وسیلۂ حق پروگرام شروع کیا، موجودہ دور حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں، مشکلات کے باوجود معیشت کی صورتحال بہتر ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ گستاخانہ فلم قابل مذمت ہے، ایسے اقدامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ ڈرون حملوں کی مخالفت کی ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی ڈکٹیشن پر نہیں بلکہ اپنے مفادات کیلیے حصہ لے رہا ہے، ہم عالمی طاقتوں کے مقابلے میں کھڑے ہونے سے نہیں گھبراتے۔ بی بی سی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم آزاد عدلیہ پریقین رکھتے ہیں، پاکستان کی عدلیہ نے انصاف کی فراہمی میں دہرا معیار اپنا رکھا ہے، چیف جسٹس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اپنے بیٹے کے مقدمے کی تحقیقات کا ایک طریقہ جبکہ دوسروں کے مقدمات کیلیے الگ طریقہ اپنا رکھا ہے، اگر عدلیہ اصلاحات نہیں کریگی تو عوام عدلیہ میں اصلاحات لائیں گے،انھوں نے کہا کہ ایک آمر نے بلوچستان کو ریاست کا دشمن بنادیا، ہم بلوچستان کو لہولہان نہیں رہنے دینگے، ملک میں آزاد الیکشن کمیشن کا قیام پیپلزپارٹی کابڑا کارنامہ ہے، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کو وائس آف ڈیمو کریسی ایوارڈ دیا گیا،قبل ازیں امریکا اورکینیڈا سے کئی وفود نے علیحدہ علیحدہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقاتیں کیں۔
Load Next Story