بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کو روند کر پاکستان کا فاتحانہ آغاز

260 کا ہدف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، ذیشان کی 5 وکٹیں، ہارون نے 84 رنز بنائے

260 کا ہدف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، ذیشان کی 5 وکٹیں، ہارون نے 84 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

HYDERABAD:
بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو روند کر دفاعی مہم کا فاتحانہ آغاز کرلیا، کپتان ذیشان عباسی نے 5 وکٹیں اڑائیں، ہارون نے ناقابل شکست 84 رنز کے ساتھ کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں چوتھے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز فل ہیوز کی موت کی وجہ سے ایک دن تاخیر سے ہوا، جمعرات کو پاکستان کا انگلینڈ اور سری لنکا کا آسٹریلیا سے مقابلہ ملتوی کردیا گیا تھا، نوجوان کینگرو بیٹسمین کے اچانک انتقال پر کیپ ٹاؤن میں تمام 7 ممالک کے کرکٹرز اور آفیشلز نے تعزیتی تقریب میں شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کا جمعے کو باقاعدہ آغاز ہوا۔


بلوشرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تمام بیٹسمین 259 پر پویلین لوٹ گئے، اجے ریڈی 71 اور وینکٹ سوارا راؤ 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد جعفر اقبال نے 38 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستانی کپتان ذیشان عباسی نے 23 رنز کے بدلے 5 وکٹیں اپنے نام کیں، ہدف کا پیچھا کرنے کیلیے پاکستان کی جانب سے بدر منیر اور محمد جمیل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن بدر صرف 2 رنز بنانے کے بعد رخصت ہوگئے۔

بعدازاں ہارون نے میدان سنبھالا اور جمیل کے ساتھ مل کر حریف بولر کی خوب پٹائی کی، دونوں کے مابین 112 رنز کی شراکت قائم ہونے کے بعد اوپنر 74 پر حوصلہ ہار گئے،پاکستان نے ہدف 38 ویں اوور میں حاصل کرلیا، ہارون 84 اور انیس50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ جمعے کو دوسرے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 41 رنز سے شکست دیدی۔
Load Next Story