پروموٹرزکوہراساں کرنیوالا پولیس افسرایف آئی اے میں تعینات

چوہدری سہیل کواسسٹنٹ ڈائریکٹرکاعہدہ دیا گیا، وزیر داخلہ کی ہدایت پر برطرف کیاگیاتھا

چوہدری سہیل کواسسٹنٹ ڈائریکٹرکاعہدہ دیا گیا، وزیر داخلہ کی ہدایت پر برطرف کیاگیاتھا۔ فوٹو: فائل

ملک بھر کے صف اول کے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو ہراساں کرنے کے الزام میں عہدے سے برطرف کیے جانے والے پولیس افسر کو صرف چند ماہ بعد ہی ایک مرتبہ پھر ایف آئی اے میں تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

سندھ پولیس میں آئوٹ آف ٹرن پرموشن کے ذریعے ڈی ایس پی کا عہدہ حاصل کرنیوالے افسر چوہدری سہیل فیض نے ایک مرتبہ پھر ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعیناتی کیلیے کوششیں شروع کردی ہیں، تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل ایف آئی اے کراچی کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے اس وقت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ایس ایچ او چوہدری سہیل فیض کی ہدایت پر چھاپہ مار کر پروموٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے سعودی سفارتخانے بھیجے جانے والے ہزاروں پاسپورٹس قبضے میں لیے گئے تھے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی بے قاعدگی نہ ملنے پر کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی مصداق اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے خلا ف بلاجواز مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔


مقدمے میں پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے صف اول کے 28 پروموٹرز کی کمپنیوں کو نامزد کیا گیا تھا جس پر اووسیز ایمپلائز پرموٹرز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک سے رجوع کیا اور اس کے بعد فوری طور پر چوہدری سہیل فیض اور ان کی ٹیم کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا گیا تاہم اس وقت کے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سے قریبی تعلق ہونے کی وجہ سے عہدے سے برطرفی کے باوجود چوہدری سہیل فیض کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے بجائے انھیں ان کے اصل محکمہ پولیس میں واپس بھیج دیا گیا تھا،تاہم حیران کن طور پر وفاقی وزیرداخلہ کی ہدایت پر عہدے سے برطرف کیے جانے والے افسر نے صرف چند ماہ بعد ہی ایک مرتبہ پھر نہ صرف ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پرتعیناتی حاصل کرلی ہے بلکہ ایس ایچ او انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے عہدے کیلیے بھی کوششیں شروع کردی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ چوہدری سہیل فیض آئوٹ ٹرن پروموشن کے ذریعے ڈی ایس پی کا عہدہ حاصل کیا ہے اور اب ایف آئی اے میں گریڈ 17 میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات کیے گئے ہیں،اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے انور ورک نے بتایا کہ وہ ایک روز قبل ہی بیرون ملک دورے سے واپس آئے ہیں اور چوہدری سہیل فیض کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کا معاملہ تاحال میرے علم میں نہیں ہے تاہم انھوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کے بارے میں پیر کو معلومات حاصل کرکے فیصلہ کریں گے۔
Load Next Story