الیکٹرونک ووٹنگ کا طریقہ ناقابل عمل ہے راجا ظفر الحق

منصفانہ الیکشن ملک و قوم پر احسان ہوگا،سندھ میں تنظیم سازی کے اچھے نتائج نکلیں گے

منصفانہ الیکشن ملک و قوم پر احسان ہوگا،سندھ میں تنظیم سازی کے اچھے نتائج نکلیں گے

پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجا ظفر الحق نے کہا ہے کہ الیکٹرونک ووٹنگ کا طریقہ کار ناکام ہو چکا ہے یہی وجہ ہے کہ جن ممالک میں الیکٹرونک ووٹنگ کا سسٹم تھا وہاں بھی یہ سسٹم ختم کر دیا گیا ہے۔


یہ بات انھوں نے حیدرآباد میں راجپوت سپریم کونسل کے سالانہ کنوینشن سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لوڈشیڈنگ کابھی مسئلہ ہے، اس لیے بھی الیکٹرونک ووٹنگ کا طریقہ ناقابل عمل ہے، جب کہ لوگ الیکٹرونک ووٹنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن کے باہر سے بھی مداخلت کر سکتے ہیں۔ آئین کا تقاضہ ہے کہ مقررہ وقت پر الیکشن ہوں،چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم اور صوبائی الیکشن کمشنروں نے شفاف الیکشن کرانے کا تہیہ کیا ہوا ہے، الیکشن ایسے ہونے چاہئیں جس میں حکومت یا کسی بھی ایجنسی کا کوئی کردار نہ ہو، اگر وہ منصفانہ الیکشن کرائیں گے تو یہ ان کا ملک و قوم پر احسان ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بلوچستان کے سلگتے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی ہے ،سپریم کورٹ کا بلوچستان کیس میں عدالتی احکامات پر حکومت کی جانب سے عمل نہ کرنے کی صورت میں کیس ٹو کیس چلانے کا حکم بڑی پیش رفت ہے۔ سندھ میں تنظیم نو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں تنظیم سازی کاعمل جاری ہے اس کو مزید تیز کیا جائیگا، جسکے بہت اچھے نتائج نکلیں گے۔ راجپوت سپریم کونسل کے سالانہ کنونیشن سے نواب راشد علی خان، پنجاب کے صوبائی وزیر رائو انیس رحمٰن، رانا ہمیر سنگھ، نذیر ٹھاکر، راجا مسعود، خالد عظمت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story