بھارت سے ٹیسٹ کیلئے آسٹریلوی بورڈ نے پلیئرز کو فیصلے کا اختیار دیدیا

پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے لئے ابھی تک میں خود کو ذہنی طور پر تیار نہیں کرپایا، ریان ہیرس

صورتحال کافی مشکل ہے، ایسے میں پلیئرز کو زبردستی کھیلنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، کرکٹ آسٹریلیا۔ فوٹو: فائل

کرکٹ آسٹریلیا نے بھارت سے پہلے ٹیسٹ کے حوالے سے پلیئرز کو فیصلے کا اختیار دے دیا۔


آفیشلز نے واضح کیاکہ میچ کھیلنے کیلیے کسی کومجبور نہیں کیا جائیگا، انھوں نے کہا کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ 9 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میں کون کون حصہ لے گا، صورتحال کافی مشکل ہے، ایسے میں پلیئرز کو زبردستی کھیلنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، یہ انفرادی طور پر پلیئرز پر ہوگا کہ وہ خود کو اس مقابلے کے لئے تیار سمجھتے ہیں یا نہیں۔ یاد رہے کہ پہلے میچ کے اسکواڈ میں شامل وارنر، شین واٹسن، بریڈ ہیڈن اور ناتھن لیون اس وقت فیلڈ میں ہی تھے جب ہیوز کے ساتھ المناک واقعہ پیش آیا۔

دریں اثنا آسٹریلوی فاسٹ بولر ریان ہیرس نے پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے حوالے سے کہا کہ ابھی تک میں خود کو ذہنی طور پر تیار نہیں کرپایا، یہ دیکھنا ہوگا کہ ہیوز کی آخری رسومات کے بعد کیا ہوتا ہے، ویسے جب میری والدہ فوت ہوئی تھیں تب میں اپنے والد اور بھائی کیلیے کھیلتا رہا تھا، ہوسکتا ہے اب بھی ایسا ہی ہو، البتہ سیریز میں جارحانہ بولنگ جاری رکھنا کافی دشوار ہوگا۔ ہیرس نے گذشتہ روز پریکٹس تو پھر سے شروع کردی لیکن اس دوران 60 گیندوں میں ایک بھی باؤنسر شامل نہیں تھا۔ انھوں نے کہاکہ میں خود کافی عرصے سے باؤنسر کررہا اور کئی حریف کھلاڑیوں کو نشانہ بنا چکا ہوں، مگر جو واقعہ اب پیش آیا اس کے بعد جارحانہ بولنگ کا سلسلہ دشوار ضرور ہوگا، البتہ مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہمارے کھیل کی بنیاد ہی دراصل جارحانہ انداز ہے۔
Load Next Story