شان مسعود کے آؤٹ میں ٹیکنالوجی سے تکنیکی غلطی ہوئیہاک آئی کا اعتراف

دبئی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شان مسعود کے آؤٹ میں ٹیکنالوجی سے تکنیکی غلطی ہوئی تھی۔

دبئی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شان مسعود کے آؤٹ میں ٹیکنالوجی سے تکنیکی غلطی ہوئی تھی۔فوٹو: فائل

KARACHI:
ہاک آئی کے آفیشلز نے تسلیم کیاکہ دبئی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شان مسعود کے آؤٹ میں ٹیکنالوجی سے تکنیکی غلطی ہوئی تھی۔


نیوزی لینڈ سے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز ٹرینٹ بولٹ کا یارکر شان مسعود کی بائیں ایڑی پر لگا جس پر امپائر پال رائفل نے انھیں آؤٹ قرار دیا، اوپنر نے یونس خان سے مشاورت کے بعد ریویو لیا،کئی مرتبہ ری پلیز کا جائزہ لیا گیا جس میں حیران کن طور پر ہاک آئی گیند کے باؤنس ہونے کے بعد کٹ ہونے اور لیگ اسٹمپ کو اڑانے کی پیش گوئی کررہی تھی،اس وقت صاف محسوس ہوتا تھا کہ گیند اگر پاؤں پر نہ لگتی تو زوایہ تبدیل کیے بغیر سیدھی جاتی۔

اس پر پاکستان ٹیم منیجر معین خان اور کپتان مصباح الحق نے آئی سی سی سے ہاک آئی آفیشلز سے ملاقات کی خواہش ظاہر کردی جس کا گذشتہ دنوں اہتمام کرایا گیا۔ وہاں پر ہاک آئی آفیشلز نے یہ بات تسلیم کی کہ ان کی ٹیکنالوجی سے گیند کی سمت کے حوالے سے غلطی ہوئی،ان کا اصرار تھا کہ اگر گیند سیدھی بھی جارہی ہوتی تب بھی اسٹمپس سے ٹکراتی اور رائفل کا فیصلہ برقرار رکھا جانا تھا، انھوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ اس سیریز میں بچت کی خاطر 6 کے بجائے 4 کیمرے استعمال ہورہے ہیں اس سے بھی فرق پڑا، شان مسعود کے بیٹ کا اینگل اور اسکوائر لیگ امپائر کے بیچ میں آنے سے بھی صورتحال واضح نہیں ہو پائی۔
Load Next Story