سندھ اسمبلی میں گستاخانہ فلم کیخلاف قرارداد مذمت منظور

عالمی جرم قرار دیا جائے، قائم علی شاہ،ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، سردار احمد

قرارداد میں کہا گیا کہ اس قبیح اقدام سے تمام پاکستانیوں کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں

سندھ اسمبلی نے پیر کو ایک قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی۔

جس میں پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کی شان میں گستاخی کرنے والی فلم، اس فلم کے بنانے والوں اور اسے یوٹیوب پر ڈالنے والوں کی سخت مذمت کی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اس قبیح اقدام سے تمام پاکستانیوں کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں اور مسلم دنیا میں زبردست بے چینی پیدا ہوئی ہے۔ قرارداد میں صدر زرداری کے اس مطالبے کی حمایت کی گئی کہ ایسے توہین آمیز اقدامات کرنے والوں کو عالمی برادری مجرم قرار دے۔ قرارداد میں اقوام متحدہ سے بھی یہ مطالبہ کیا گیا کہ ایسے معاملات پر توجہ دے جو عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہیں۔


قرارداد کی حمایت میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ جس شخص نے بھی گستاخانہ فلم بنانے کی شرارت کی ہے ، اس پر ساری دنیا نے لعنت کی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔ صدر آصف علی زرداری نے ہمارے غم و غصہ کو اچھے طریقے سے اقوام متحدہ میں پیش کیا۔ مغربی ممالک کو ایسی قانون سازی کرنی چاہیے کہ کسی بھی مقدس ہستی کی توہین نہ ہو۔ سید سردار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ گستاخانہ فلم کے ذریعے ایک ارب 62 کروڑ مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے گئے ہیں۔

اس لیے ہم اس فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے محمد انور نے کہا کہ تمام انبیاء پر ایمان لائے بغیر کوئی مسلمان نہیں ہوسکتا۔ ہم تمام انبیاء کا احترام کرتے ہیں ۔ یہ ہمارا ایمان ہے کہ ان کی شان میں گستاخی کرنے والوں کی نہ صرف مذمت مذمت کریں بلکہ اس کیخلاف جو کچھ بھی ممکن ہو وہ کریں ۔ صوبائی وزیر فیصل سبزواری نے کہا کہ یہ آزادی نہیں کہ اربوں انسانوں کے جذبات کو مجروح کیا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ اس گستاخانہ فلم کیخلاف کراچی سے پشاور تک احتجاج میں پر تشدد کارروائیوں سے ہماری بدنامی ہوئی ہے ۔

اس طرح نہیں ہونا چاہیے۔ وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ ہم گستاخانہ فلم کی اقلیتوں کی طرف سے بھی مذمت کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر ترقی نسواں توقیر فاطمہ بھٹو نے کہا کہ پوری دنیا کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ہم اپنے پیغمبرؐکی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story