ایکسپو سینٹر کراچی ایکسپریس میڈیا گروپ کے تعاون سے عالمی کتب میلہ کل شروع ہوگا

پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ہونیوالے ملک کے سب سے بڑے کتب میلے کا افتتاح خورشید شاہ کرینگے

پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد کراچی کتب میلے کے سلسلے میں پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے اشتراک سے 5روزہ عالمی کتب میلہ جمعرات سے ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگا، کتب میلے میں بھارتی ناشران بھی حصہ لیں گے، یہ بات عالمی کتب میلے کے کنوینر اویس مرزاجمیل اور پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرزایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیزخالد نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دسویں 5 روزہ عالمی کراچی کتب میلے کا آغاز جمعرات 18دسمبر سے ایکسپو سینٹر میں ہو گاجو 22دسمبر تک جاری رہے گا، کراچی عالمی کتب میلے کا افتتاح پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ جمعہ 19دسمبر کوکریں گے۔ کتب میلے کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو ہوں گے، کتب میلہ جمعرات سے عوام کیلیے کھولا جائے گا۔


کتب میلہ پاکستان کا سب سے بڑاکتب میلہ ہوگا جس میں بھارت، سنگاپور، ملائیشیا، برطانیہ، ایران، متحدہ عرب امارات اوردیگر عالمی پبلشرز اپنی کتابیں اور شائع شدہ مواد میلے میں پیش کریں گے۔ کتب میلے کوکامیاب بنانے کے لیے نیشنل بک فاؤنڈیشن اور کیبنٹ ڈویژن بھی ہمارے ساتھ شامل ہیں۔ انھوںنے بتایاکہ بھارتی ناشران 20سے زائداسٹالز لگائیں گے۔

کتب میلہ ایکسپوسینٹر کے ہال نمبر1،2،3 میں منعقد ہوگا جس میںمجموعی طور پر370 بک اسٹال لگائیں جائیں گے۔ عزیز خالد نے بتایا کہ میلے میں 4 لاکھ افراد شرکت کریں گے۔ ہر موضوع پر کتابیں دستیاب ہونگی جو عوام کوکم قیمت پر فروخت کی جائیں گی، کتب میلے میں تعلیمی پروگرام، ٹاک شوز اور سیمینار بھی ہوں گے۔ میلے میں کئی پبلشرز اپنی نئی کتب کی تقریب رونمائی منعقد کریں گے۔

اویس مرزا نے کہا کہ میلے کا وقت صبح 10بجے سے رات 9 بجے تک ہوگا۔ کتب بینی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا کتب میلہ ان عالمی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔ ہرسال اس کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔ اس موقع پر وقارمتین، ندیم مظہر،محمد اقبال غازیانی، ندیم اختر، اقبال صالح محمد، سید اصغر زیدی، سید ناصر حسین، کامران نورانی اور سلیم عبدالحسین بھی موجود تھے۔
Load Next Story