ایل پی جی نرخوں میں اضافے کا اوگرا نے نوٹس لے ہی لیا

قیمتیں مشتہر، مارکیٹنگ کمپنیوں کو صارف سہولت کیلیے سیلز پوائنٹس بڑھانے کی ہدایت

قیمتیں مشتہر، مارکیٹنگ کمپنیوں کو صارف سہولت کیلیے سیلز پوائنٹس بڑھانے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ نادہندہ کمپنیوں اور ان کے ڈسٹری بیوٹرز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور بار بار خلاف ورزیوں کی صورت میں متعلقہ مارکیٹنگ کمپنی کا لائسنس منسوخ کردیا جائیگا، مارکیٹنگ کمپنیاں عوام کی سہولت کیلئے ایل پی جی کی قیمتیں شائع کریں۔

یہ ہدایت بدھ کو یہاں اوگرا کے ایل پی جی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ ہنگامی اجلاس میں کی گئی۔ اجلاس میں ایل پی جی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے جسے غیرقانونی کاروبار کیخلاف منظم اور جامع مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اوگرا نے ایل پی جی کمپنیوں اور مقامی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ مشترکہ طور پر اس غیرقانونی کاروبار کیخلاف اقدامات اٹھائیں۔

اوگرا نے لائسنس یافتہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ صارفین کی سہولت کیلیے اپنے سیلز پوائنٹس میں اضافہ کریں یا پھر سند یافتہ ڈسٹری بیوٹرز کی تعداد بڑھائیں۔ اوگرا نے ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی لائسنس کے حوالے سے شرائط پر عمل پیرا ہوں اور اپنے ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو بھی طریقہ کار اور قیمتوں کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن پر مکمل طور پر عملدرآمد کا پابند بنائیں۔ اجلاس میں ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندوں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بعض منافع خور سردیوں میں خصوصی طور پر ایل پی جی کی اچانک بڑھتی ہوئی طلب سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔


اوگرا نے ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نادہندہ کمپنی یا اس کے ڈسٹری بیوٹرز کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور بار بار خلاف ورزی کی صورت میں سزا کے طور پر متعلقہ مارکیٹنگ کمپنی کا لائسنس منسوخ کرکے ضمانتی رقم ضبط کرلی جائے گی۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اوگرا پہلے ہی منفی سرگرمیوں میں ملوث 17 کمپنیوں یا ان کے ڈسٹری بیوٹرز کو جرمانہ کرچکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اوگرا کے ترجمان نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ایل پی جی کی قیمتوں کا تعین نہیں کرسکتی لیکن کمپنیاں معقول قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرتی ہیں اور ڈسٹری بیوٹرز ان پر عملدرآمد کے پابند ہوتے ہیں۔ اوورچارجنگ سے ڈسٹری بیوٹر کمپنی کی ڈیلر شپ سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔

ادھر ایل پی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ( اے ڈی سی جی) اور ڈی سی اسلام آباد کی طرف سے اے سیز اور مجسٹریٹوں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئیں اور کہا گیا کہ اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
Load Next Story