خواتین کے اہل خانہ کا رویہ ہی ان کے وزن میں کمی اوربڑھنے کا باعث بنتا ہے، تحقیق

ٹورنٹو: ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ خواتین کے اہل خانہ کا مثبت رویہ ان کا وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

وزن کم کرنا ہر خواتین کا خواب ہوتا ہے اور اپنے آپ کو مکمل فٹ اور اسمارٹ رکھنے کے لئے خواتین ہر طرح کی کوشش میں نہ صرف مگن رہتی ہیں بلکہ پریشان بھی رہتی ہیں اور اپنے اہل خانہ سے بھی بار بار اپنی اس پریشانی کا تذکرہ کرتی رہتی ہیں۔ اسی حوالے سے کینیڈا کی یونیورسٹی میں تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن خواتین کو اہل خانہ کی طرف سے اپنے زیادہ وزن کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا رہتا ہے ایسی خواتین کو اپنا وزن کم کرنے میں خاصی مشکلات کا سامنا رہتا ہے اور ان کا وزن کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ جاتا ہے جب کہ جن خواتین کے اہل خانہ کا ان کی جسامت کے بارے میں مثبت رویہ ہوتا ہے ایسی خواتین بہتر طریقے سے نہ صرف اپنا وزن کم کرنے میں کامیاب ہوتی ہیں بلکہ اپنے آپ کو مکمل فٹ بھی رکھتی پاتی ہیں۔

تحقیق کاروں نے اس تحقیق کے لئے چند خواتین کا انتخاب کیا اور ان کے قد اور جسامت کے بارے میں ان کی رائے لی جس کے بعد محققین اس نتیجے پر پہنچے کہ جن خواتین کو اپنے اہل خانہ کی طرف سے اپنے وزن اور جسامت کے کے حوالے سے منفی رویہ کا سامنا رہتا ہے ان کا وزن مزید بڑھ جاتا ہے البتہ جن خواتین کے اہل خانہ اس معاملے میں مثبت رویہ کا اظہار کرتے ہیں ان کا وزن کم ہوجاتا ہے۔