پینٹنگولر کپ میں خیبرپختونخوا فائٹرز نے میدان مار لیا جنید کے 5 شکار

فائنل میں بلوچستان واریئرز کو 6 وکٹ سے شکست، رضوان نے 103 کی ناقابل شکست فتح گر اننگز کھیلی

کراچی :پینٹنگولرکپ کی فاتح خیبر پختوانخوا فائٹرزکے کھلاڑیوںکا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو،فائنل میں بلوچستان وارئیرز کیخلاف 6وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ فوٹو: محمد نعمان/ایکسپریس

پینٹنگولر کپ کے فائنل میں خیبر پختونخوا فائٹرز نے بلوچستان واریئرز کو 6 وکٹ سے شکست دیکر ٹرافی پر قبضہ جمالیا۔

خیبر پختونخوا فائٹرز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور واریئرز کو 47 اوورز میں238 رنز تک محدود رکھا۔ واریئرز کے اوپنرز اظہر علی اور بسم اللہ خان کی شراکت 30 رنز تک چلی، اس میں اظہر کا حصہ 21رنز رہا، انھیں محمد سمیع نے اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے پویلین واپس چلتا کردیا۔ 46 کے ٹوٹل پر دوسرے افتتاحی کھلاڑی بسم اللہ خان بھی 12 رنز پر جنید خان کی گیند پر عادل امین کے ہاتھوں جکڑے گئے، صہیب مقصود 1 اور عثمان صلاح الدین 6 کا وکٹ پر قیام انتہائی مختصر رہا، سمیع اسلم نے ایاز تصور کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلیے 64 رنز کی ساجھے داری بناکر ٹیم کو سنبھالا دیا، ایاز 24 کے انفرادی اسکور پر ظفرگوہر کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے، اس کے بعد واریئرز کی 3 وکٹیں جلد گرگئیں، رضوان حیدر 1، کاشف بھٹی8 اور ذوالفقار بابر5 بنا کر پویلین لوٹ گئے۔


سمیع اسلم نے نویں وکٹ کیلیے احسان عادل کے ساتھ 56 رنز کی ساجھے داری بنائی، سمیع نے 123 گیندوں پر119رنز بنائے، پیسر جنید خان نے 45 رنز کے عوض 5 مہرے کھسکائے۔ خیبر پختونخوا نے ہدف 47 اوورز میں 4 وکٹ کھوکر حاصل کرلیا، عادل امین نے 58 کی ذمے دارانہ اننگز کھیلی، فتح گر ناقابل شکست سنچری اننگز کھیلنے والے محمد رضوان اور عدنان رئیس نے چوتھی وکٹ کیلیے 92 رنز کی شراکت بناکر حریف بولرز کے تمام حربوں کو ناکام بنادیا۔

عدنان 36 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ رضوان 103 پر ناٹ آئوٹ رہے، انھوں نے 87 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11چوکے بھی جڑے، زوہیب خان 3 پر ناٹ آؤٹ رہے۔تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے انعامات تقسیم کیے، فاتح ٹیم کے کپتان جنید خان کو وننگ ٹرافی اور 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی، واریئرز کے قائد اظہر علی نے رنر اپ ٹرافی کے ہمراہ 5 لاکھ کا چیک وصول کیا۔
Load Next Story