مقامی گاڑیوں کی فروخت پہلی ششماہی میں 10 فیصد بڑھ گئی

جولائی تا دسمبر 67 ہزار 426 اور گزشتہ مالی سال 61 ہزار 252 یونٹس بکے تھے

گزشتہ ماہ گاڑیوں کی فروخت 25 فیصد کے اضافے سے 11 ہزار 87 یونٹس رہی۔ فوٹو: فائل

مقامی سطح پر تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 10 فیصد کے اضافے سے 67 ہزار 426 یونٹس رہی۔


گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران مقامی سطح پر تیار کردہ کاروں، لائٹ کمرشل گاڑیوں، وین اور جیپوں کی فروخت 61 ہزار 252 یونٹس تھی۔۔ آٹو انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2014 میں گاڑیوں کی فروخت 11 ہزار 87 یونٹس رہی جو دسمبر 2013 کے مقابلے میں 25 فیصد زائد ہے، ماہانہ لحاظ سے جائزہ لیا جائے تو نومبر 2014 کے مقابلے میں دسمبر کی فروخت 6 فیصد کم رہی جس کی وجہ خریداروں کی جانب سے نئے سال کی رجسٹریشن کرانے کے لیے جنوری کا انتظار قرار دی گئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاک سوزوکی کی فروخت 35 ہزار 656 یونٹس رہی جو گزشتہ سال کی فروخت کے آس پاس ہے، انڈس موٹرز کی فروخت 51 فیصد کے اضافے سے 22 ہزار 886 یونٹس رہی، ہونڈا کارز کی فروخت 14 فیصد کی کمی سے 8 ہزار 588 یونٹس جبکہ دیگر متفرق کی فروخت 50 فیصد کی کمی سے296 یونٹس رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2014 میں پاک سوزوکی کی فروخت 6200 یونٹس، انڈس موٹرز کی 4100 یونٹس، ہونڈا کارز کی 700 یونٹس جبکہ دیگر متفرق برانڈز کی 87 یونٹس رہی۔
Load Next Story