لیاقت آباد میں 2 سو ٹھیلے پتھارے کیبن اور چھپرے مسمار

مافیا نے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گلیوں پر قبضہ کر رکھا ہے، ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات

آپریشن علاقہ مکینوں کی شکایت پرکیا گیا، لیاقت آباد سپرمارکیٹ اور اطراف کے علاقے گنجان کاروباری علاقے ہیں جہاں تجاوزات مافیا نے سڑکیں گھیر رکھی ہیں، ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات۔ فوٹو: فائل

محکمہ انسداد تجاوزات نے 2 سو سے زائد ٹھیلے، پتھارے پان کے کیبن، چھپرے سمیت دیگر تجاوزات کو مسمار کردیا۔


تفصیلات کے مطابق پیرکی صبح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے لیاقت آباد اپو اگرلز ہائی اسکول سپرمارکیٹ 10 نمبر نیرنگ سینما اور اطراف کی گلیوں میں آپریشن کرتے ہوئے 2 سو سے زائد ٹھیلے، پتھارے،پان کے کیبن، دکانوں کے آگے بنائے لوہے کے کیبن، چھپرے اور دیگر تجاوزات کو مسمار کردیا، آپریشن کی نگرانی محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹرمظہر خان نے کی جب کہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرڈاکٹرسیف الرحمن، اسسٹنٹ کمشنرفہیم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سعید وارثی اور محکمہ انسداد تجاوزات کے دیگر افسران سمیت پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔

ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات مظہرخان نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن علاقہ مکینوں کی شکایت پرکیا گیا، لیاقت آباد سپرمارکیٹ اور اطراف کے علاقے گنجان کاروباری علاقے ہیں جہاں تجاوزات مافیانے نہ صرف سڑکیں گھیر رکھی ہیں بلکہ فٹ پاتھوں اور گلیوں کو بھی نہیں بخشا جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں اور شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتاہے،ان علاقوں کی مسلسل نگرانی کا بھی انتظام کیا جارہا ہے تاکہ ایک بارتجاوزات ختم کرنے کے بعد دوبارہ اسی جگہ قائم نہ ہوسکیں۔
Load Next Story