خاتون اور بچہ زخمی مشتعل افراد کے ہاتھوں پولیس کی2گاڑیاں نذر آتش

حادثے کے بعد جیل کی گاڑیوں کے ڈرائیور قیدیوں سے بھری ہوئی گاڑیوں سمیت فرا ر ہوگئے

ایم اے جناح روڈ:حادثے کے بعد مشتعل افراد کے ہاتھوں نذر آتش کی جانے والی پولیس موبائل اورکار سے شعلے بلند ہو رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ریڈیو پاکستان کے قریب قیدیوںکو عدالت سے واپس جیل لے جانے والی گاڑیوں نے ریس لگاتے ہوئے سڑک عبورکرنے والی خاتون اور اس کے بچے کو کچل کر زخمی کردیا۔

موقع پر موجود افراد نے مشتعل ہوکر پولیس موبائل اور پولیس کی کار نذر آتش کردی ، ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوںکی طویل قطاریں لگ گئیں، تفصیلات کے مطابق پریڈی تھانے کی حدود ایم اے جناح روڈ ریڈیو پاکستان کے قریب سٹی کورٹ سے قیدیوںکو پیشی کے بعد واپس جیل لے جانے والی گاڑیوں نے ریس لگاتے ہوئے سڑک عبور کرنے والی خاتون اور اس کے بچے کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وجیہہ زوجہ ارشاد اور اس کا 4 سالہ بیٹا افضال زخمی ہوگئے۔


حادثے کے بعد جیل کی گاڑیوں کے ڈرائیور قیدیوں سے بھری ہوئی گاڑیوں سمیت فرا ر ہوگئے تاہم جیل کی گاڑیوں کے ساتھ جانے والی تیموریہ تھانے کی پولیس موبائل پک اپ نمبر SP-7157 اورکلفٹن تھانے کی مہران کار موبائل نمبر SP-0446 کو موقع پر موجود مشتعل افراد نے گھیرے میں لیا اور توڑ پھوڑ کے بعد پولیس کی دونوں گاڑیوں کو نذرآتش کردیا،اس موقع پر مشتعل افرادکی ہنگامہ آرائی کے باعث ایم اے جناح روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔

ٹریفک پولیس نے ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا، اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرزکی نفری موقع پر پہنچ گئی اورصورتحال کو کنٹرول کرلیا ،فائر بریگیڈ کے عملے نے پولیس کی گاڑیوں میں لگنے والی آگ پر قابو پایا، پولیس کے مطابق زخمی خاتون وجیہہ رتن تلاؤ کی رہائشی ہے اور اپنے بیٹے کو اسکول سے لے کر گھر جارہی تھی ،ماں بیٹے کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا ، پریڈی پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں پولیس موبائلیں قیدیوں کو پیشی پر لے جانے والی گاڑیوںکی حفاظت پر مامور تھیں، پولیس موبائلوں کو نذر آتش کرنے والے کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔
Load Next Story