ریکارڈ شکن ڈی ویلیئرز کے لیے ’جینئس‘ کا خطاب

نیا سال مبارک، دوست بہت اچھا کھیلے، آفریدی کا ٹوئٹر پر پروٹیز بیٹسمین کو خراج تحسین

نیا سال مبارک، دوست بہت اچھا کھیلے، آفریدی کا ٹوئٹر پر پروٹیز بیٹسمین کو خراج تحسین۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 31 گیندوں پر سنچری جڑنے والے ابراہم ڈی ویلیئرز کو دنیائے کرکٹ نے 'جینئس' کا خطاب دے دیا۔

دنیا بھر کے کرکٹرز نے انھیں مبارکباد دی ہے۔ کئی برس تک تیز ترین سنچری کے ریکارڈ پر قبضہ جمائے رکھنے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ نیا سال مبارک، دوست بہت اچھا کھیلے۔ اظہر محمود نے کہا کہ کیا ہم کسی میچ کی جھلکیاں دیکھ رہے ہیں۔ زمبابوے کے بیٹسمین برینڈن ٹیلر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈی ویلیئرز دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں۔ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا کہ مجھے یہ بات کہنے دیجئے کہ اے بی حقیقت میں ایک کرکٹ جینئس ہے۔


سابق آسٹریلوی بیٹسمین ڈین جونز نے کہا کہ ڈی ویلیئرز نے جو ریکارڈ قائم کیا ہے اس کو اب کوئی بھی نہیں توڑ پائے گا۔ بھارت کے سابق بیٹسمین آکاش چوپڑا نے کہا کہ میں ڈی ویلیئرز کے ڈی این اے ٹیسٹ کا مطالبہ کرتا ہوں، کرکٹ کا کھیل صرف انسانوں کے لیے ہے۔ نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر ای ین اوبرائن نے کہا کہ اس شاندارمقابلے کے بعد کیا جنوبی افریقہ ورلڈ کپ پنک کٹ میں کھیلے گا؟۔ نیدرلینڈز کے بیٹسمین ٹام کوپر نے کہا کہ ڈی ویلیئرز آپ اچھا کھیلے لیکن آپ کی ٹیم بدقسمتی سے بڑی اننگز کا ریکارڈ نہیں توڑ پائی۔

جنوبی افریقہ کے ہی سابق کپتان شان پولاک نے کہا کہ ڈی ویلیئرز تیز ترین سنچری پر آپ کو مبارک۔ پروٹیز اسپنر روبن پیٹرسن نے کہا کہ اے بی حقیقت میں جینئس کے خطاب کا مستحق ہے۔ بھارت کے سابق کپتان انیل کمبلے نے کہا کہ '' ڈی ویلیئر تم نے حیران کردیا''۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر بین لفلائن نے کہا کہ جتنی گیندیں آملا نے کھیلیں اتنی اے بی کھیلتے تو 450 رنز تنہا بنا ڈالتے۔
Load Next Story