ای سی سی اجلاس میں 12 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی

پنجاب8،سندھ سے4لاکھ ٹن گندم برآمد ہوگی، شمالی وزیرستان کے متاثرین کو30ہزار ٹن گندم فراہم کی جائیگی

بجلی کی تیاری کی لاگت کوبجلی کی قیمت کاحصہ بنانے کے لیے نیپرا کو پالیسی احکام جاری کرنے کی منظوری۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں12 لاکھ ٹن اضافی گندم برآمد کرنے اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کو30 ہزار ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی جبکہ گندم سے بننے والی اشیاکی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہوا جس میں ملک میں گندم کی صورتحال پر غور کیا گیا،پنجاب سے8لاکھ جبکہ سندھ سے 4 لاکھ ٹن گندم برآمدکی جائے گی۔ گندم کی برآمدپرپنجاب کو55ڈالر جبکہ سندھ کو45ڈالر فی میٹرک ٹن سبسڈی دی جائے گی۔گندم سے بنی اشیا کی درآمد پر بھی فوری پابندی عائدکردی گئی ہے۔


اجلاس میں اقوام متحدہ فوڈپروگرام کے تحت شمالی وزیرستان اورفاٹا کے متاثرین کے لیے30ہزار ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ مزید ضرورت پڑنے پرسیفران دوبارہ رجوع کرسکتا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت پانی وبجلی کی جانب سے نجی شعبے کو بجلی کے ٹرانسمیشن کی جانب سے راغب کرنے کی تجویزسے اتفاق کرتے ہوئے نیپراکوہدایت کی کہ بجلی کے شعبے میں تعمیرات، بحالی ومرمت کے شعبے میں نجی شعبے کو شامل کرنے کیلیے لائسنس جاری کیے جائیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے او جی ڈی سی ایل اورفوجی کبیروالا پاور کمپنی کے درمیان گیس کی سپلائی کے معاہدے کی بھی منظوری دیدی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی بنانے پرخرچ ہونے والی کل لاگت کوبجلی کی قیمت کا حصہ بنانے کیلیے نیپرا کو پالیسی احکام جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو9فیصدمارک اپ پرقرضہ فراہم کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں مرحوم سعودی فرمانرواشاہ عبد اللہ کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
Load Next Story