لاہور ہائی کورٹ حنیف عباسی کی عبوری ضمانت میںتوسیع

مفروضوںپرکیس نہ بنایاجائے،عدالت، ثبوت پیش کریں،اے این ایف کے کرنل کی سرزنش

حنیف عباسی تاخیری حربے اختیارکررہے ہیں،کرنل اخترکی درخواست ضمانت سماعت کیلیے منظور۔ فوٹو: فائل

ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صغیراحمدقادری اورجسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ممنوعہ کیمیکل ایفی ڈرین کا 500 کلوکا کوٹا حاصل کرکے اسے اسمگل کرنے کے الزام میںمسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محمدحنیف عباسی کی عبوری ضمانت میں17 اکتوبر تک توسیع کر دی اوراے این ایف کوحکم دیا کہ انھیں گرفتار نہ کیاجائے۔

عدالت نے کہااے این ایف کے پاس مقدمے کے بارے میں ثبوت ہیں توپیش کرے اور یہ سارا ڈرامااب ختم کیا جائے ، قیاس آرائیوں اور مفروضے پرکیس نہ بنایاجائے،اے این ایف کے کرنل(ر) اختر عباس نے کہا کہ حنیف عباسی کے خلاف ٹھوس شواہدہیں یہ تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں جس پرعدالت نے کہا کہ ثبوت ہے توپیش کرو،کرنل اختر عباس نے کہاکہ انھوںنے ایفی ڈرین سے ادویہ بنانے کاجوریکارڈ دیاوہ ساراجعلی ہے،عدالت نے کہا کہ زبانی نہیں ریکارڈ سے بات کریں کوئی زبانی بات قبول نہیںکریںگے، ثبوت ہیں تو پیش کرو فرضی کہانیاں نہ سنائی جائیں ۔


کرنل اختر عباس نے کہا کہ ان کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں،آپ ہمیں سنیں تمام ثبوت پیش کرتے ہیں،کرنل اخترنے کہا ایفی ڈرین اسمگل کر دی گئی ہے،ہمیں انکوائری مکمل کرنے کیلیے حنیف عباسی کی گرفتاری چاہیے ،فاضل بینچ نے سابق ڈرگ کنٹرولرشیخ انصاراحمد اورسابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر اسدحفیظ کی ضمانت کی درخواستیںسماعت کیلیے منظورکرلی ہیں۔عدالت نے ایفی ڈرین کا500 کلو کاکوٹاحاصل کرکے اسے اسمگل کرنے کے الزام میں نامزد ملزم میٹرو فارماسیوٹیکل کمپنی کے مالک کرامت خان کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔ آئی جی موٹر وے پولیس ظفر عباس لک کی جانب سے اے این ایف کیخلاف ہراساںکرنے کی پٹیشن کی سماعت22 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

عدالت نے اے این ایف کو حکم دیا کہ وہ سائل کو ہراساں نہ کرے ۔واضح رہے کہ ہائیکورٹ میں ایفی ڈرین کیس کے ملزمان کی درخواستوںکی سماعت کے موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکن بھی بڑی تعدادمیں موجود تھے جنھوں نے شدید نعرے بازی کی۔دریں اثنا انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری ظفر اقبال نے فرینڈزفارماسیوٹیکل کمپنی کے گرفتار ڈائریکٹر ندیم ظفرکی ضمانت کی درخواست کی سماعت کل5اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔

Recommended Stories

Load Next Story