ایکسپریس میڈیا گروپ کی آؤ پڑھاؤ مہم کا لاڑکانہ میں پڑاؤ

آؤ پڑھاؤ کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالاجی لاڑکانہ کیمپس میں تقریب منعقد کی گئی

شرح خواندگی بڑھانے کیلیے میڈیا کا کردار اہم ہے، حکومت تعلیم کو سستا کرے،زاہدہ ابڑو۔ فوٹو: فائل

لاہور:
ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے فروغ تعلیم اور اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلیے شروع کی گئی ملک گیر مہم آؤ پڑھاؤ کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالاجی لاڑکانہ کیمپس میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی بی اے پروگرام منیجر زاہدہ ابڑو نے اپنا تجرباتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غربت کے باعث میرے والدین میری پڑھائی کے اخراجات پورے نہیں کر پاتے تھے، لیکن زندگی میں کچھ کرنے کے شوق کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ محنت بھی کی، یہاں تک کہ سندھ یونیورسٹی میں 50 روپے یومیہ پر ملازمت کی لیکن پڑھائی میں خلل نہ آنے دیا، انھوں نے مزید کہا کہ ایک استاد کو تدریسی عمل کے دوران ذہن میں ایک شاگرد یا کلاس نہیں بلکہ ملک اور پوری قوم کے متعلق سوچنا چاہیے اور یہی جذبہ ملک کی ترقی کا باعث بن سکتا ہے، انھوں نے ایکسپریس میڈیا گروپ کی آؤ پڑھاؤ مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ شرح خواندگی بڑھانے کیلیے میڈیا کا کردار اہم ہے۔

انھوں نے تقریب میں موجود اساتذہ اور طلبہ وطالبات سے حلف لیا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کی ملک گیر مہم جو سیکھا ہے وہ سب کو سکھاؤ، آؤ پڑھاؤ مہم کے تحت 5 بچوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرینگے، آؤ پڑھاؤ مہم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محسن لغاری نے تقریب میں زیبسٹ کالج کے ہیڈ آف کیپمس محمد بخش سومرو، ایم بی اے پروگرام منیجر نوید انور، بی بی پروگرام منیجر زاہدہ ابڑو، براڈ ایمبسیڈر سارہ خان چانڈیو، اساتذہ وسیم عباس، وقاس مظہر، عمران خان جونیجو، عبدالسلام اور نصراللہ بھٹو کو ''ایکسپریس'' میڈیا گروپ کی جانب سے شیلڈز اور اسناد پیش کیں، اس موقع پر ایکسپریس سکھر کے انچارج بیورو چیف شہزاد تابانی، لاڑکانہ کے سینئر رپورٹر محمود پٹھان اور شیراز پٹھان بھی موجود تھے۔
Load Next Story