جناح اسپتال میں ملازمین کے احتجاج سے تنگ مریضوں اور تیمارداروں کا مظاہرہ

ملازمین روزانہ او پی ڈیز، فارمیسی، لیبارٹریز اور آپریشن تھیٹر بند کردیتے ہیں۔

ملازمین روزانہ او پی ڈیز، فارمیسی، لیبارٹریز اور آپریشن تھیٹر بند کردیتے ہیں، 6 روز سے آرہے ہیں مگر علاج نہیں ہورہا، مظاہرین۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

جناح اسپتال ملازمین کی علامتی ہڑتال سے تنگ مریضوں نے اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاجس کی وجہ سے رفیقی شہیدروڈ پر ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہوا،جناح اسپتال میں جناح پوسٹ گریجویٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کی جانب سے 6 روز سے علامتی ہڑتال جاری ہے۔


ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ان کا ہیلتھ الائونس اور ڈیپوٹیشن الائونس جاری کیاجائے جبکہ نیوورسرجری ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے تنخواہیں باقاعدگی سے جاری کی جائیں،ملازمین روزانہ2گھنٹے کے لیے تمام شعبہ جات کی او پی ڈیز، لیبارٹریز، فارمیسی اور اوپریشن تھیٹر بند کر دیتے ہیں، جمعہ کو 50سے60مریضوں اور لواحقین نے رفیقی شہید روڈ پر ایک گھنٹے تک احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا تھا بعد ازاں پولیس نے مظاہرین کو منتشرکیا۔

مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا تھا کہ بہت دنوں سے علاج کے لیے آرہے ہیں لیکن ملازمین کے احتجاج کے باعث چکر پر چکر کے سوا کچھ حاصل نہیں ہورہا، روزانہ او پی ڈیز، لیبارٹریز، فارمیسی اورآپریشن تھیٹر بند کردیتے ہیں، دریں اثنا ایمپلائز ایکشن کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر مظفر شجرہ سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا، مظفر شجرہ نے ملازمین کو مسائل کے حل کے لیے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ سیکریٹری صحت کے ساتھ اس ضمن میں رابطہ کرکے جلد ازجلد ان کے مطالبات پورے کرائیں گے۔
Load Next Story