گورننگ بورڈ ارکان کے سیر سپاٹوں پر ظہیر عباس بھی حیران

ہیروز کو ورلڈکپ کیلیے بھجوانے سے شاید ٹیم کا بھلا ہوتا، آفیشلز کیا کرینگے؟ سابق قائد

سفر پر10لاکھ سے زائد کے اخراجات،3کروڑ روپے پہلے ہی مختص کیے جا چکے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

پی سی بی گورننگ بورڈ ارکان کے سیر سپاٹوں پر سابق کپتان ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ قومی ہیروز کو آسٹریلیا و نیوزی لینڈ بھجوانے سے شاید ٹیم کا کوئی بھلا ہوجاتا یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آفیشلز وہاں کیا کریں گے؟


تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کی مہم پر روانہ ہونے والی قومی کرکٹ ٹیم انجریز اور شکستوں کا سامنا کررہی ہے، بھاری بھر کم مینجنٹ میں چیف سلیکٹر معین خان کو بھی شامل کرکے ایک نئی مثال قائم کی گئی، اب گورننگ بورڈ کے ارکان کو بھی آسٹریلیا و نیوزی لینڈ روانہ کرنے کی تیاری ہوچکی ہے،انھیں بیگمات کو بھی ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی، ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ کے ایک رکن کے سفر پر10لاکھ سے زائد کے اخراجات ہونگے، اس کیلیے3کروڑ کے قریب رقم پہلے ہی مختص کی جا چکی۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ نے بتایا کہ میرا تو وہاں جانے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم چند ارکان 10روزہ ٹور پر ورلڈکپ میچز دیکھنے کیلیے جاسکتے ہیں،ان کے ویزوں اور دیگر سفری دستاویزات کی تکمیل کیلیے کارروائی جاری ہے،اسی پروگرام میں شریک سابق کپتان ظہیر عباس نے برملا کہا کہ درست کمبی نیشن نہ بن پانے پر قومی ٹیم مسائل کا شکار اور بولنگ بھی انتہائی کمزور ہے، ہم دستیاب وسائل کے ساتھ ہی بہتر کارکردگی کی امید کرسکتے ہیں، گورننگ بورڈ کے ارکان آسٹریلیا و نیوزی لینڈ جاکر کیا کرینگے؟ کرکٹ کے قومی ہیروز کو بھجوانے سے شاید ٹیم کا کوئی بھلا ہوجاتا،مینجمنٹ کی موجودگی میں آفیشلز کی وہاں کیا ضرورت ہوگی۔
Load Next Story