سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر حیدرآباد چیمبر کی عمارت کھول دی گئی

چیمبر پرانے عہدیداروں کے حوالے، الیکشن کے سلسلے میں کشیدہ صورتحال کے باعث ڈپٹی کمشنر نے 2روز قبل عمارت سیل کی تھی

سیل لگنے سے امیج خراب ہوا، سیٹھ گوہراللہ، چیمبر پہنچنے پر صدرکا شاندار استقبال، حامیوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں۔ فوٹو: فائل

2 روز قبل سیل کی گئی حیدرآباد چیمبر آف کامرس کی عمارت سندھ ہائی کورٹ کے حکم پرکھول دی گئی اور چیمبر کو پرانے عہدیداروں کے حوالے کر دیا گیا۔

دوسری جانب حیدرآباد چیمبر آف کامرس کے صدر گوہر اللہ کا کہنا ہے کہ سیل لگنے سے چیمبرکا امیج خراب ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آغا شاہ نواز کی جانب سے سیلکیے گئے چیمبر آف کامرس حیدرآباد کو سندھ ہائی کورٹ کراچی کے حکم پر کھول کر پرانی باڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عدالت عالیہ کے ناظر، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آغا شاہ نواز سمیت دیگر ضلعی افسران اور پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں سیل کو کھولا گیا۔


میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کراچی کے ناظر کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے چیمبر کو سیل کرنے کی وضاحت طلب کی گئی تھی جس پر ان کا کہنا تھا کہ چیمبر کے الیکشن کے دوران کسی بھی ممکنہ خون خرابے سے بچنے کیلیے چیمبر کو سیل کیا گیا ، تاہم کمپنی ایکٹ کی شق نمبر177کے تحت چیمبر کو کھول دیا گیا ہے اور اسے چلانے کے اختیارات پرانی باڈی کے حوالے کر دیے گئے ہیں جبکہ چیمبرز کے انتخابات کے حوالے سے پٹیشن کی سماعت 11 اکتوبر کو ہو گی۔ دوسری جانب صدر گوہراللہ کے چیمبر پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، حامیوں نے انہیں ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گوہراللہ کا کہنا تھا کہ چیمبر کو سیل لگانے سے اس کا امیج خراب ہوا ہے اور اس میں سی پی ایل سی اور ڈی آئی جی حیدرآباد ریجن کا بھی کردار ہے۔ انکوائری کیلیے گورنر اور وزیر اعلیٰ رپورٹ بھیجیں گے۔ گوہر اللہ کا کہنا تھا کہ چیمبر آف کامرس تاجروں کا ہے، اس میں کسی کا بھی سیاسی عمل دخل نہیں۔
Load Next Story