پاکستانی ویمنز بڑی ٹیموں کیخلاف زیادہ میچز کی خواہاں

بھارت سے میچ میں تمام کھلاڑیوں نے کسی بھی موقع پر ہمت نہیں ہاری، ثنامیر

بھارت سے میچ میں تمام کھلاڑیوں نے کسی بھی موقع پر ہمت نہیں ہاری، ثنامیر فوٹو: فائل

پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم بڑی سائیڈزکیخلاف زیادہ میچز کھیلنے کی خواہاں ہے۔

کپتان ثنا میر کے مطابق اسی صورت میں کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ حالیہ ٹوئنٹی20 ورلڈکپ میں گرین شرٹس نے روایتی حریف بھارت کو سخت مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دی تاہم اسے انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ثنا نے کہا کہ پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 3 سال قبل ایک وارم اپ میچ کھیلا تھا، اسی طرح بھارت سے بھی گذشتہ سال صرف ایک ورلڈ کپ میچ میں مقابلہ ہوا، ان ٹیموں سے متواتر میچز ہوئے تو یقیناً ہماری بیٹنگ بھی بہتر ہوگی۔


انھوں نے کہا کہ ٹی20ورلڈ کپ میں شرکت کا تجربہ اچھا رہا،ہم نے وارم اپ میچ جیتا اور پھر بھارت کو بھی مات دی جو میگا ایونٹ میں ہماری پہلی فتح بھی بنی، ٹیم یہاں یہی سوچ کر آئی تھی کہ اس بار بھارت کو ہرانا ہے، جیت کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ پورے میچ میں تمام کھلاڑیو ں نے کسی بھی موقع پر ہمت نہیں ہاری،انھوں نے کہا کہ ہماری او ر دیگر ٹیموںکی بیٹنگ میںبہت زیادہ فرق ہے ،دیگرسائیڈز ٹیسٹ اور ون ڈے سمیت بہت زیادہ کرکٹ کھیلتی ہیں جبکہ ہمیں ان کے جیسے مواقع نہیں ملتے۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی نے ویمنزکرکٹ کی ترقی کے لیے بہت کام کیالیکن کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے ڈومیسٹک ویمنز 2 روزہ میچز شروع کرنے ہونگے، اس سے کھلاڑیوں کو وکٹ پر دیر تک ٹھہرنے کا تجربہ حاصل ہوگا، رواں میگا ایونٹ میں ٹیم نے 20 اوورز میں بھی 8، 9 وکٹیں گنوائیں۔ ثنا نے کہا کہ پاکستان کو رواں ماہ چین میں ٹی 20 ایشیا کپ کھیلنا اور پھر بھارت میں ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی حصہ لینا ہے، چونکہ میگا ایونٹ سے قبل ٹیم کی کوئی بین الاقوامی مصروفیت نہیں لہذا ایشیا کپ میں ہی50 اوورز کی کرکٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے کمبی نیشن تیارکرنا ہوگا۔
Load Next Story